فلم ’دنگل‘ میں گیتا پھوگاٹ کے بچن کا کردار نبھانے والی زائرہ وسیم نے 2019 میں بالی ووڈ کو ہمیشہ کے لیے الوداع کہہ دیا تھا۔ مذہب سے لگاتار بڑھ رہی دوری کو زائرہ نے فلم انڈسٹری چھوڑنے کی وجہ بتائی تھی۔ اب دو سال بعد پہلی بار انھوں نے اپنی تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہے۔ اس تصویر میں زائرہ وسیم برقع میں لپٹی ہوئی نظر آ رہی ہیں اور ان کا چہرہ بھی دکھائی نہیں دے رہا۔ گویا کہ وہ پوری طرح سے اسلامی تہذیب کی پاسداری کرتی ہوئی معلوم پڑ رہی ہیں۔
زائرہ نے برقع پہنے اپنی تصویر انسٹاگرام کے ذریعہ شیئر کی ہے اور اس کے ساتھ کیپشن لگایا ہے ’’دی وارم اکتوبر سَن‘‘، یعنی گرم اکتوبر کا سورج۔ تصویر میں وہ لوہے کے پل پر کھڑی نظر آ رہی ہیں جہاں نیچے ندی بہہ رہی ہے۔ تصویر کو سوشل میڈیا پر خوب پسند کیا جا رہا ہے اور لوگ زائرہ کی تعریف بھی کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ 2019 میں بالی ووڈ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے زائرہ نے جو پوسٹ کیا تھا اس کے آخر میں لکھا تھا ’’اس انڈسٹری نے واقعی مجھے بہت پیار، حمایت اور شہرت دی، لیکن اس نے مجھے جاہلیت کے راستے پر لے جانے کا کام بھی کیا۔ میں خاموشی سے انجانے میں ’ایمان‘ کے راستے سے بھٹک گئی۔ جب ایسے ماحول میں کام کرنا جاری رکھا جو لگاتار میرے ایمان میں دخل دے رہا تھا، تو مذہب کے ساتھ میرا رشتہ خطرے میں پڑ گیا تھا۔‘‘