سعودی عرب میں حج سیکورٹی کے چیف لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ’’288 شہریوں اور باشندوں کو حج ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی جانکاری دی کہ ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے پر ان میں سے ہر ایک پر 10 ہزار سعودی ریال (تقریباً 2 لاکھ 10 ہزار روپے) جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

دراصل کورونا وبا کے سبب اس بار حج سفر کو لے کر سعودی عرب نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ بغیر پرمٹ والے حاجیوں کو گرفتار کر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اب سعودی عرب نے بغیر پرمٹ والے حاجیوں کی گرفتاری اور جرمانہ لگانا شروع کر دیا ہے۔ حج سیکورٹی چیف لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامی کا کہنا ہے کہ اس طرح کے معاملے سامنے آنے کے بعد اسلام کے سب سے پاکیزہ شہر مکہ میں ہر طرف سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ تقریباً ایک لاکھ افراد اور 69 ہزار سے زیادہ گاڑیوں کو شہر میں داخلے سے روک دیا گیا ہے۔

غور طلب ہے کہ رواں سال صرف 10 لاکھ لوگوں کو حج بیت اللہ کی اجازت دی گئی ہے۔ ان میں سے 8 لاکھ 50 ہزار افراد غیر ملکی یعنی سعودی عرب سے باہر کے ہیں۔ کورونا وبا کے سبب گزشتہ دو سالوں سے باہری ممالک کے لوگوں کو حج سفر کی اجازت نہیں دی جا رہی تھی۔ 2019 میں تقریباً 25 لاکھ لوگوں نے حج کی سعادت حاصل کی تھی۔ اس لحاظ سے رواں سال بھی تعداد کافی کم ہے۔