بالی ووڈ میں ’کنگ خان‘ کے نام سے مشہور شاہ رخ خان کی فلم انڈسٹری میں انٹری 25 جون 1992 کو فلم ’دیوانہ‘ سے ہوئی تھی۔ آج اس فلم کو ریلیز ہوئے 30 سال مکمل ہو گئے ہیں۔ اگر آپ نے فلم ’دیوانہ‘ دیکھی ہے تو معلوم ہی ہوگا کہ فلم میں شاہ رخ خان نے مرکزی کردار نہیں نبھایا تھا۔ پھر بھی اپنی اداکاری سے سبھی کا دل جیت لیا۔ لیکن کیا آپ کو یہ معلوم ہے کہ شاہ رخ فلم ’دیوانہ‘ میں اس سیکنڈ لیڈ کردار کے لیے بھی پہلی پسند نہیں تھے۔ جی ہاں، پہلی پسند تو ’جانی دشمن‘ فلم سے مشہور ہوئے ارمان کوہلی تھے۔ انھوں نے عین وقت پر یہ کردار نبھانے سے منع کر دیا، اور شاہ رخ کی قسمت کا ستارہ چمک گیا۔

جب فلم ’دیوانہ‘ 1992 میں ریلیز ہوئی تھی تو رشی کپور فلم انڈسٹری کا ایک بڑا نام تھے۔ اداکارہ دویا بھارتی نے بھی کم وقت میں ہی اپنی شناخت قائم کر لی تھی۔ ان دونوں کی مرکزی کردار والی اس فلم میں شاہ رخ نے اپنی اداکاری کا ایسا تڑکا لگایا کہ سبھی اسے شاہ رخ کی فلم ہی تصور کرنے لگے۔

راج کنور کی ہدایت کاری میں بنی ’دیوانہ‘ فلم اپنی بہترین اسکرپٹ کے لیے یاد کی جاتی ہے، اور سچ تو یہ ہے کہ تینوں ہی اداکاروں نے اپنی اداکاری سے لوگوں کا دل جیت لیا۔ حالانکہ شاہ رخ کو اس سے پہلے ’دل آشنا ہے‘ فلم کے لیے سائن کیا جا چکا تھا، لیکن اس کو’دیوانہ‘ کے بعد ریلیز کیا گیا۔