نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ڈپارٹمنٹ آف ٹیچر ٹریننگ اینڈ نان فارمل ایجوکیشن میں چار روزہ Pedagogy based Art Integrated ورکشاپ کی افتتاحی تقریب عمل میں آئی۔ پروگرام کوآرڈینیٹر ڈاکٹر انصار احمد نے اس موقع پر سبھی شرکاء کا خیرم مقدم کرتے ہوئے اس ورکشاپ کے اغراض و مقاصد سے روشناس کرایا۔
اس موقع پر صدر شعبہ اور مہمان خصوصی پروفیسر ناہید ظہور نے شرکاء کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس دور میں استاد بننا ایک بہت بڑا چیلنج ہے کیونکہ تبدیلیاں بہت تیزی کے ساتھ ہو رہی ہیں۔ اب علم صرف درسی کتابوں تک ہی محدود نہیں رہا بلکہ اس دور میں آرٹ اور کرافٹ کو فن تدریس میں لازمی طور پر شامل کر دیا گیا ہے۔ اب بیک وقت اسکول کے طلبا و طالبات یادداشت، علم، تفہیم، اطلاق اور تجزیے کے ساتھ آرٹ کی بھی تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ اس کے ذریعے طلبا و طالبات میں جمالیاتی حظ کو فروغ دینے کی ایک اچھی کوشش کی گئی ہے۔ صدر شعبہ پروفیسر ناہید ظہور نے مزید کہا کہ اس ورکشاپ کا مقصد ہی یہ ہے کہ سبھی اساتذہ کے علم کو از سرِ نو تازہ کیا جائے اور جدید تقاضوں سے اسے ہم آہنگ کیا جائے۔
چار روزہ ورکشاپ کی افتتاحی تقریب میں ڈاکٹرمحمد مامورعلی، ڈاکٹر ڈوری لال، ڈاکٹر محمد اسجد انصاری کے ساتھ ڈپارٹمنٹ کے کئی اساتذہ اور شعبے کے سبھی زیر تربیت معلمین و معلمات موجود تھے۔ پروگرام کی نظامت عاتکہ رحمان نے کی اور ڈاکٹر انصار احمد کے اظہار تشکر پر افتتاحی تقریب اختتام پذیر ہو گئی۔