گزشتہ 18 سالوں سے پاکستانی ٹیم میں بطور آل راؤنڈر اہم کردار نبھانے والے کھلاڑی محمد حفیظ نے بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہہ دیا ہے۔ ’پروفیسر‘ کے نام سے مشہور حفیط نے سال 2022 کے تیسرے ہی دن اپنے طویل کرکٹ کیریئر کو بریک لگانے کا اعلان کیا۔
41 سالہ محمد حفیظ نے 2003ء میں زمبابوے کے خلاف اپنا ونڈے کیریئر شروع کیا تھا۔ ٹی-20 عالمی کپ 2021 میں آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل مقابلہ ان کا اخری بین الاقوامی میچ ثابت ہوا۔ حالانکہ محمد حفیظ نے دنیا بھر میں ہونے والی فرنچائزی لیگ میں حصہ لینے یا نہیں لینے سے متعلق کوئی وضاحت نہیں کی ہے۔ پچھلے کچھ وقت سے حفیظ لگاتار کئی فرنچائزی لیگ کھیل رہے ہیں، جس میں پاکستان سپر لیگ، سری لنکا پریمیئر لیگ اور کیریبیائی پریمیئر لیگ خاص طور پر شامل ہیں۔
محمد حفیظ کے بین الاقوامی کرکٹ کیریئر کی بات کریں تو انہوں نے 55 ٹیسٹ میچوں میں 37.64 کی اوسط سے 3562 رن بنائے جس میں 10 سنچری شامل ہیں۔ انہوں نے اس دوران 53 وکٹ بھی حاصل کیے۔ 218 وَنڈے مقابلوں میں حفیظ نے 32.90 کی اوسط سے 6614 رن (11 سنچری) بنائے اور 139 وکٹ اپنے نام کیے۔ ٹی-20 مقابلوں کی بات کریں تو حفیظ نے 119 میچوں میں 26.54 کی اوسط سے 2514 رن بنائے اور 61 وکٹ حاصل کیے۔ 18 سالہ کیریئر میں محمد حفیظ عرف پروفیسر کو کئی بار پاکستانی ٹیم سے باہر کیا گیا لیکن ہر مرتبہ انہوں نے محنت اور جدوجہد کے ساتھ واپسی کی۔