امریکی ائیرپورٹس پر 19 جنوری سے 5جی انٹرنیٹ سروس کا نفاذ ہو رہا ہے۔ اس کا ایئر انڈیا کی پروازوں پر اثر پڑتا دکھائی پڑ رہا ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق ایئر انڈیا نے کئی پروازوں کو منسوخ کر دیا ہے اور کئی کے اوقات میں تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔ اس کی جانکاری ایئر انڈیا نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل پر دی۔ ایئر انڈیا کے علاوہ ایمیریٹس، آل نپن ایئرویز اور جاپان ایئرلائنس نے بھی امریکہ کے لیے جانے والی کچھ پروازوں کو منسوخ کیا ہے۔
دراصل امریکہ میں جو نئی ’سی بینڈ 5جی سروس‘ شروع ہوئی ہے اس سے کئی ایئرکرافٹ بے کار ہو جائیں گے۔ امریکی ہوابازی ریگولیٹری ’فیڈریشن ہوابازی انتظامیہ‘ (ایف اے اے) نے پہلے ہی اپنے بیان میں بتایا تھا کہ 5جی انٹرفیس کی وجہ سے ایئرکرافٹ کا ریڈیو الٹی میٹر اس کے انجن اور بریکنگ سسٹم پر اثر ڈال سکتا ہے۔ اس سے طیارہ کے لینڈنگ موڈ میں نہ آنے کا خطرہ پیدا ہوگا۔ یعنی ایئرکرافٹ کے رَن وے پر نہ رکنے کا اندیشہ ہے۔
امریکی ایئرلائنس گروپ نے اس سلسلے میں ایک خط ایف اے اے کو لکھا ہے اور اپنی فکر ظاہر کی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ 5جی کی وجہ سے زبردست ہوابازی بحران پیدا ہو سکتا ہے۔ اس گروپ میں یونائٹیڈ ایئرلائنس، امریکن ایئرلائنس، ڈیلٹا ایئرلائنس اور فیڈایکس شامل ہیں۔ ایئرلائنس گروپ کا کہنا ہے کہ 5جی کو پورے امریکہ میں کہیں بھی نافذ کیا جائے، لیکن ایئرپورٹ رَن وے سے 2 میل دور تک اسے استثنیٰ رکھا جائے۔