ہیرا گروپ نے ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کے لیے 641 کروڑ روپے کی ملکیت سپریم کورٹ میں بند لفافہ کے ساتھ جمع کر دیا ہے۔ دراصل ہیرا گروپ کے کاروبار کو سپریم کورٹ نے قانونی بتایا ہے اور اس ہائی پروفائل کاروباری گروپ کی ملکیت کے سلسلے میں ای ڈی کی قرقی کو ہٹا دیا ہے۔ اس عمل کو ہیرا گروپ کی سی ای او ڈاکٹر نوہیرا شیخ نے انصاف قائم کرنے والا قدم ٹھہرایا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا ہے کہ ’’سچ تو بالآخر سچ ہی ہوتا ہے۔ عدالتی فیصلے سے اس کے تئیں اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے۔‘‘
دراصل 5 دسمبر کو ایک تاریخی فیصلہ میں عدالت نے دعویداروں کے سرٹیفکیشن کے بعد ان کے دعووں کو نمٹانے کے لیے گروپ کی ملکیتوں کی تشخیص کرنے کا راستہ ہموار کیا۔ اس سلسلے میں عرضی دہندہ تلنگانہ حکومت نے اپنی درخواست واپس لے لی تھی۔ بہرحال، اس فیصلہ پر ڈاکٹر نوہیرا شیخ نے کہا کہ ’’آخر کار ہم صحیح ثابت ہوئے ہیں اور انصاف کی جیت ہوئی۔‘‘
اس درمیان کمپنی کی طرف سے ڈاکٹر نوہیرا شیخ نے اپنے سرمایہ کاروں کو یقین دلایا ہے کہ ان کے دعووں کو جلد پورا کیا جائے گا۔ ملکیت سبھی دعووں کو پورا کرنے کے لیے کافی تھی کیونکہ ملکیت کی شناخت اور تشخیص پہلے ہی ہو چکی تھی۔ اب جبکہ عدالت نے ملکیت سے متعلق منظوری دے دی ہے، ہیرا گروپ نے سبھی مصدقہ دعووں کو نمٹانے کے لیے دو ماہ کا وقت معین کیا ہے، بشرطیکہ ملکیتوں کی وصولی کی گئی ہو۔