کرناٹک میں لگاتار ایسے معاملے سامنے آ رہے ہیں جو ہندو-مسلم منافرت کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ تازہ معاملہ جنوبی کرناٹک کا ہے جہاں بلاک بسٹر فلم ’کانتارا‘ دیکھنے پہنچے ایک مسلم جوڑے سے بدسلوکی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ دراصل ایک خاتون حجاب میں تھی جو اپنے شوہر کے ساتھ ’کانتارا‘ دیکھنے پہنچی تھی۔ باحجاب خاتون کو دیکھ کر کچھ ہندوؤں نے نہ صرف اسے فلم دیکھنے سے روکا بلکہ شوہر کے ساتھ مار پیٹ بھی کی۔ آخر کار شوہر-بیوی کو بغیر فلم دیکھے ہی گھر واپس لوٹنا پڑا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ فلم دیکھنے پہنچا مسلم جوڑا کیرالہ کا رہنے والا ہے اور کرناٹک واقع ’کے وی جی انسٹی ٹیوٹ‘ میں پڑھائی کرنے کے لیے آیا ہے۔ دونوں مقامی ’سنتوش تھیٹر‘ میں فلم ’کانتارا‘ دیکھنے پہنچے تھے جہاں ایک دکاندار نے باحجاب خاتون کو دیکھ کر سوال جواب شروع کر دیا۔ کچھ ہی دیر بعد ایک خاص طبقہ کے کچھ لوگ پہنچے اور لڑکے کے ساتھ مار پیٹ شروع کر دی اور فلم دیکھنے سے منع کیا۔ ’ہندوستان ٹائمز‘ کی رپورٹ کے مطابق حملہ کرنے والے لوگ ہندو کلچر کے حامی تھے اور مسلم جوڑے کو فلم دیکھنے سے روکنا چاہتے تھے۔

بہرحال، اس معاملے میں پولس نے کیس درج کر لیا ہے۔ پولس کے مطابق مار پیٹ کی خبر سوشل میڈیا کے ذریعہ ملی۔ مظلوم کا پتہ لگا کر قصورواروں کے خلاف شکایت درج کرنے کو کہا گیا، جس کے بعد تعزیرات ہند کی دفعات 341، 323، 504 اور 506 کے تحت معاملہ درج کر لیا گیا ہے۔