دہلی: ’’علامہ اقبال مشترکہ ہندوستان کی مشترکہ تہذیب کے علم بردار تھے۔ ان کے دل میں ایک طرف قوم و ملت کا درد تھا، تو دوسری طرف وہ اپنے وطن سے بے انتہا محبت کرتے تھے۔ سب سے زیادہ توجہ وہ نوجوانوں پر دیتے تھے، اور یہی وجہ ہے کہ ان کی شاعری کا محور نوجوان ہیں۔‘‘ ان خیالات کا اظہار ’عالمی یوم اردو‘ کے موقع پر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے ریاستی دفتر میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کی صدارت کرتے ہوئے مشہور شاعر اور مجلس اتحاد المسلمین کے سکریٹری راجیو ریاض نے کیا۔

اس تقریب کا انعقاد مجلس اتحاد المسلمین کے ابوالفضل وارڈ کی ٹیم نے سوشل اینڈ کلچرل ونگ کے تعاون سے کیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت قران پاک سے ہوا۔ اس کے بعد سینئر سیکنڈری اسکول، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے استاد ڈاکٹر آفتاب عالم منیری نے علامہ اقبال کی حیات و خدمات پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں جامعہ کے طلباء محمد  تبریز عالم اور زید عالم نے علامہ اقبال کے کلام کا خوب صورت انتخاب پیش کیا۔

اس موقع پر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین دہلی کے سکریٹری عبد الغفار صدیقی نے اردو کے تعلق سے حکومت کے متعصبانہ رویہ پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے کہا ہے کہ اردو کو فروغ دینے کے لیے جو کوششیں ہونی چاہئیں، وہ نہیں ہو رہی ہیں۔ تقریب کے آخر میں وارڈ صدر ایڈووکیٹ بدرالدین نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ اس تقریب میں دانش نور پوری اور ریاض پرتاپ گڑھی  نے سامعین کو اپنے اشعار سے بھی نوازا۔

(پریس ریلیز)