نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ڈپارٹمنٹ آف ٹیچر ٹریننگ اینڈ نان فارمل ایجوکیشن میں شاندار کلچرل فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ فیسٹیول کا افتتاح مہمان خصوصی پروفیسر ابراہیم (جامعہ کے ڈین آف اسٹوڈنٹس ویلفیئر) اور مہمان اعزازی لیبیائی سفارت کار محمود الجویلی نے کیا۔ اس موقع پر طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ ’’اس طرح کے پروگرام جامعہ کی شناخت اور پہچان ہیں۔ یہ قومی ثقافت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔‘‘
مہمان اعزازی اور لیبیائی سفارت کار محمود الجویلی نے اپنے خطاب میں جامعہ آنے پر اور یہاں کے ثقافتی پروگراموں کو دیکھ کر بے انتہا خوشی اور مسرت کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’جامعہ ہمارے لیے ایک مثالی یونیورسٹی ہے اور ہم اسے رشک کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ لیبائی طلبا یہاں تعلیم حاصل کرنا قابل فخر سمجھتے ہیں۔‘‘
افتتاحی پروگرام میں فیکلٹی آف ایجوکیشن کی ڈین پروفیسر سارہ بیگم، ڈپارٹمنٹ آف ٹیچر ٹریننگ اینڈ نان فارمل ایجوکیشن کی صدر پروفیسر ناہید ظہور، ارجن سینٹر فارڈسٹینس اینڈ اوپن لرننگ کی ڈائریکٹر پروفسیر جیسی ابراہم، گیمس اینڈ اسپورٹس کے ڈائریکٹر پروفیسر وسیم احمد خان اور این ایس ایس کوآرڈینیٹر وقار احمد صدیقی کے علاوہ فیکلٹی آف ایجوکیشن کے ٹیچرس اور اسٹوڈنٹس نے شرکت کی۔ اس کلچرل فیسٹیول میں 8 ہندوستانی صوبوں (راجستھان، گوا، ہماچل پردیش، کشمیر، گجرات، منی پور، تمل ناڈو، پنجاب) کے روایتی کلچر کو پیش کیا گیا۔ اس مقصد کے تحت کیمپس کو آٹھ خطوں میں تقسیم کیا گیا اور ہر متعلقہ خطے کو ایک خاص صوبہ کے کلچر میں رنگ دیا گیا تھا۔