امریکہ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ وغیرہ ممالک میں کئی ایسی کمپنیاں ہیں جو اپنے ملازمین کو ہر ہفتہ تنخواہ دیتی ہیں۔ یعنی ان کمپنیوں نے ماہانہ کی جگہ ہفتہ واری تنخواہ کا نظام قائم کر رکھا ہے۔ اب ہندوستان میں بھی ایک کمپنی نے یہی نظام اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کمپنی کا نام ہے ’انڈیا مارٹ‘۔

انڈیا مارٹ نے ملازمین کو ہر ہفتہ تنخواہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملازمین پر مالی بوجھ کم ہوگا اور وہ بہتر کام کرنے کے لیے پرجوش نظر آئیں گے۔ ہندوستان میں ہفتہ واری تنخواہ نظام پر عمل کرنے والی پہلی کمپنی بننے کے بعد انڈیا مارٹ نے کہا کہ بدلتے دور کے مطابق ایسے اقدام کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔ عالمی وبا کے اس دور میں اس کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

انڈیا مارٹ کے چیف ایگزیکٹیو افسر (سی ای او) دنیش گلاٹی کا اس نئے نظام کے تعلق سے کہنا ہے کہ ملک میں پہلی بار کوئی کمپنی ایسا نظام شروع کرنے جا رہی ہے۔ اس سمت میں کمپنی نے بہت پہلے کام کرنا شروع کر دیا تھا۔ گلاٹی نے امید ظاہر کی کہ کمپنی میں ہر کوئی اس فیصلے کا استقبال کرے گا۔ ہفتہ واری تنخواہ نظام شروع ہونے کے بعد اب کسی کو تنخواہ کے لیے مہینے بھر انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔ غور طلب ہے کہ کورونا وبا کا قہر جب شروع ہوا تھا تو انڈیا مارٹ مکمل طور پر وَرک فروم ہوم نافذ کرنے والی پہلی کمپنی تھی۔