فیفا عالمی کپ 2022 کئی معنوں میں ایک نیا باب رقم کرتا دکھائی دے رہا ہے۔ فٹبال میچ کے علاوہ بھی قطر میں کئی ایسی سرگرمیاں چل رہی ہیں جو موضوعِ بحث ہیں۔ ایسی سرگرمیوں میں سے ایک ہے ’تبلیغ اسلام‘۔ قطر میں پوری دنیا سے جمع فٹبال شیدائیوں کو اسلام کی حقیقی تعلیمات سے روشناس کرایا جا رہا ہے۔ اس کا اثر یہ ہو رہا ہے کہ قبولِ اسلام کا ایک سلسلہ چل پڑا ہے۔ تازہ معاملہ دوحہ واقع کٹارا کلچرل گاؤں کی ایک مسجد کا ہے جہاں ایک برازیلی کنبہ نے کلمہ شہادت پڑھ کر اسلام قبول کیا۔

ایک نیوز پورٹل پر شائع رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 6 اراکین پر مبنی ایک کنبہ برازیل سے قطر عالمی کپ دیکھنے پہنچا تھا۔ یہاں اسلام سے پورا کنبہ اتنا متاثر ہوا کہ مسجد پہنچ کر کلمہ شہادت پڑھتے ہوئے اسلام میں داخل ہو گیا۔ کنبہ میں میاں، بیوی اور 4 بچے (تین لڑکیاں، ایک لڑکا) شامل ہیں۔ تبدیل مذہب کے بعد جب خاتون سے ان کے جذبات کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے کہا ’’مجھے پتہ نہیں میں کیسے بیان کروں۔ اپنے جذبات کا اظہار الفاظ میں کرنا مشکل ہے۔ یہ ایک ایسا جذبہ ہے جو میرے دل کو چھوتا ہے۔‘‘

کنبہ میں شامل ایک بچی سے جب پوچھا گیا کہ کیا اس پر تبدیل مذہب کے لیے کوئی دباؤ ڈالا گیا؟ تو اس نے کہا ’’نہیں، ہم پر کسی نے اسلام قبول کرنے کا دباؤ نہیں بنایا۔‘‘ بہرحال، اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے۔