فوڈ ٹیکنالوجی اسٹارٹ اَپ ’پرائم وَل فوڈس‘ نے اعلان کیا ہے کہ وہ شیر کے گوشت کا برگر اور زیبرا کی سوشی بنا کر لوگوں کو کھانے کے لیے پیش کرے گا۔ لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کے لیے نہ ہی شیر کو مارا جائے گا اور نہ ہی زیبرا کو۔ ’دی انڈیپنڈنٹ‘ میں شائع رپورٹ کے مطابق یہ گوشت ہائی ٹیک لیب میں تیار کیے جائیں گے۔ یعنی کسی بھی جانور کو نقصان پہنچائے بغیر اس کے گوشت سے بنے پکوان تیار کیے جائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق پرائم وَل فوڈس نے بغیر کسی جانور کے ساتھ بے رحمی کا مظاہرہ کیے ان کے گوشت لیب میں تیار کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس طرح لوگوں کے لیے شیر کا برگر، ٹائیگر اسٹیکس اور زیبرا سوشی رول کے ساتھ ساتھ کچھ دیگر نئی کھانے والی چیزیں تیار کی جائیں گی۔ بتایا جا رہا ہے کہ لوگوں کو ’کرڈ زراف ہیم‘ اور ’ایلیفنٹ آئل‘ بھی دستیاب کرایا جائے گا۔ پرائم وَل فوڈس کا کہنا ہے کہ لندن واقع ’مشلین اسٹارڈ کیٹگری‘ والا پہلا ایسا ریسٹورینٹ ہوگا جہاں یہ پکوان پیش کیے جائیں گے۔ بعد میں اس مارکیٹ کو وسعت دینے کا بھی منصوبہ ہے۔

پرائم وَل فوڈس کے مالکان میں سے ایک یلماج بورا کا کہنا ہے کہ لوگ لگاتار نئے پکوان کی تلاش میں رہتے ہیں۔ کھانے کے شوقین ایسے ریسٹورینٹ کی تلاش میں گھومتے رہتے ہیں جہاں کچھ الگ دستیاب ہو۔ امید ہے کہ اس نئی سوچ اور نئے ذائقہ دار پکوان کو لوگ پسند کریں گے۔