بنگلہ دیش کے خلاف ٹی-20 سیریز سے قبل پاکستانی ٹیم اپنی ایک حرکت سے تنازعہ میں پھنس گئی ہے۔ دراصل پریکٹس سیشن کے دوران میرپور اسٹیڈیم میں پاکستانی ٹیم نے اپنے ملک کا جھنڈا لگا دیا۔ اس واقعہ پر بنگلہ دیشی عوام اور کرکٹ شائقین بری طرح مشتعل ہو گئے ہیں۔ کئی کرکٹ شیدائی تو پاکستانی ٹیم کی اس حرکت پر سیریز رد کرنے تک کا مطالبہ کرنے لگے ہیں۔ بنگلہ دیشی شیدائیوں نے پاکستانی ٹیم کی اس حرکت کو آزادی کی گولڈن جبلی تقاریب سے قبل ’سیاسی حربہ‘ قرار دیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا ہے کہ کئی ممالک کی ٹیمیں کرکٹ کھیلنے بنگلہ دیش آئی ہیں، لیکن کسی نے بھی پریکٹس سیشن میں اپنے ملک کا جھنڈا زمین پر نہیں لگایا۔ ایسا کیوں کیا گیا؟ وہ کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں؟

سوشل میڈیا پر پاکستانی ٹیم کو زبردست تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ان کے ذریعہ پریکٹس سیشن کے دوران لگائے جانے والے جھنڈے کو ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ کئی سوشل میڈیا صارف نے اسے شرمناک حرکت بتاتے ہوئے پوری سیریز کو رد کرنے اور اس طرح کے قدم پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔

معاملے کو طول پکڑتا دیکھ کر پاکستان کرکٹ بورڈ نے صفائی پیش کی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو مہینے سے کھلاڑی ٹیم کے پریکٹس سیشن کے دوران ملک کا جھنڈا لگاتے رہے ہیں۔ ویسے اس تنازعہ کے تعلق سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اپنا کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے۔