دنیا کے سب سے ’طاقتور پاسپورٹ‘ کی نئی فہرست لندن کی کمپنی ’ہینلے اینڈ پارٹنرس‘ نے جاری کر دی ہے۔ 2023 کے لیے جاری پاسپورٹ کی اس فہرست میں افغانستان کا مقام سب سے نیچے ہے۔ اس ملک کے پاسپورٹ کو 109ویں رینکنگ ملی ہے۔ ہندوستان کے پاسپورٹ کو اس فہرست میں 85واں رینک حاصل ہوا ہے۔ یعنی ہندوستانی پاسپورٹ کی حالت بھی بہت اچھی نہیں ہے۔ حالانکہ پاکستان (106)، نیپال (103)، بھوٹان (90)، بنگلہ دیش (101)، سری لنکا (100) وغیرہ ممالک کے پاسپورٹ سے ہندوستانی پاسپورٹ کی حالت قدرے بہتر ہے۔

قابل ذکر ہے کہ گلوبل پاسپورٹ کی رینکنگ میں 199 ممالک کے پاسپورٹ کو شامل کیا گیا ہے جس پر 227 ممالک میں سفر کیا جا سکتا ہے۔ یہ رینکنگ انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسو سی ایشن کی طرف سے پیش کردہ ڈاٹا پر مبنی ہے۔ ’ہینلے پاسپورٹ انڈیکس‘ کے مطابق دنیا کا سب سے طاقتور پاسپورٹ جاپان کا ہے۔ اس کے بعد رینکنگ میں دوسرے مقام پر سنگاپور اور جنوبی کوریا ہیں۔ اسی طرح تیسرے مقام پر مشترکہ طور سے جرمنی اور اسپین ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چوتھا مقام تین ممالک کے پاسپورٹس نے حاصل کیا ہے اور ان کے نام ہیں فن لینڈ، اٹلی، لکژمبرگ۔ آسٹریلیا، ڈنمارک، نیدرلینڈ اور سویڈن کے پاسپورٹ نے مشترکہ طور پر پانچواں مقام حاصل کیا ہے۔ غور طلب ہے کہ پاسپورٹ کسی بھی ملک میں جانے کے لیے واحد شناخت ہوتا ہے۔ یہ بین الاقوامی سفر کی اجازت دیتا ہے۔ بغیر پاسپورٹ کے بیرون ملک سفر کو غیر قانونی قرار دیا جاتا ہے۔