آسٹریلیا میں گولڈ کوسٹ واقع ایک مسجد کے دروازہ پر خنزیر کا سر اور قلب کاٹ کر پھینکے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ واقعہ 28 اکتوبر (جمعہ) کی صبح کا ہے اور اس تعلق سے کوئنزلینڈ پولس نے تصدیق بھی کر دی ہے۔ پولس کا کہنا ہے کہ پورے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے اور ذمہ دار شخص کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
اس واقعہ سے متعلق ایس بی ایس نیوز نے خبر شائع کی ہے جس میں گولڈ کوسٹ مسجد کے چیئرپرسن حسین غوث کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جب وہ صبح تقریباً 10.45 بجے مسجد کے دوسرے دروازے پر پہنچے تو یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ خنزیر کا سر ایک پلاسٹک کے تھیلے میں پھینکا ہوا ہے اور وہ سبز رنگ سے رنگا ہے۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ تھیلے میں خنزیر کا قلب بھی رکھا ہوا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ یہ واقعہ ایک ایسے دن پیش آیا جب مسلمانوں کے لیے ہفتہ کے مقدس دن یعنی جمعہ کو نمازِ جمعہ کی تیاری ہونی تھی۔ علاوہ ازیں 29 اکتوبر کو ہر سال ’نیشنل مسجد اوپن ڈے‘ پروگرام منعقد ہوتا ہے جس میں غیر مسلموں کو اسلام کے بارے میں صحیح جانکاری دینے کے لیے مدعو کیا جاتا ہے۔ اس پروگرام سے ایک دن قبل مسجد کے دروازے پر خنزیر کا سر پھینکے جانے کو سازش تصور کیا جا رہا ہے۔ بہرحال، مقامی پولس نے مسجد اور مسلم طبقہ کو ہر طرح کا تحفظ فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے۔