نظام آباد کی ایم ایل سی کلواکُنتلا کویتا کی کوششوں سے تلنگانہ کے روایتی تہوار ’باتھوکمّا‘ نے عالمی سطح پر اپنی پہچان بنا لی ہے۔ سنیچر کو دبئی واقع دنیا کی سب سے اونچی عمارت ’برج خلیفہ‘ جب رنگ برنگی روشنی سے جگمگا اٹھی، تو ساتھ ہی باتھو کمّا کی شہرت بھی ہر طرف پھیل گئی۔ برج خلیفہ کو انوکھے رنگوں والی روشنی سے سجایا گیا تھا جس سے یہ عمارت بے حد دلکش نظر آ رہی تھی۔ لوگ اسے دیکھ کر کافی محظوظ بھی ہوئے اور حیران بھی کہ آخر یہ کیا ماجرا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ چندرشیکھر راؤ کی بیٹی کویتا تلنگانہ جاگرتی نامی تنظیم کی قائد ہیں۔ انہوں نے ریاستی ثقافت کو عالمی سطح پر شناخت دلانے کے لئے خوب محنت کی۔ تلنگانہ میں ثقافتی بیداری پھیلانے کے لئے یہ تنظیم لگاتار کام کر رہی ہے۔ بہر حال، کویتا نے برج خلیفہ کے دلکش نظارے کو اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر شیئر کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’براہ کرم! میرے ساتھ جڑ کر برج خلیفہ دبئی میں باتھوکمّا کی نمائش دیکھنے کا گواہ بنیں۔‘‘
باتھوکمّا دراصل پھولوں کا ایک دلکش تہوار ہے۔ اس برس کا باتھوکُمّا پہلے کے مقابلے کافی مختلف ہے۔ ’تلنگانہ جاگرتی‘ نے باتھوکمّا پر نغمہ بھی جاری کیا ہے جسے عظیم موسیقار اے. آر. رحمان نے تیار کیا ہے۔ کویتا کے دفتر کی طرف سے جاری ایک ریلیز کے مطابق نغمہ کو تلنگانہ کے اضلاع میں فلمایا گیا ہے اور اس کی تخلیق ’تلنگانہ جاگرتی‘ نے کی ہے۔