نئی دہلی: اکادمی برائے فروغِ استعدادِ اردو میڈیم اساتذہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی کا دائرۂ کار خصوصاً زبان و ادب کے تدریسی مسائل و معاملات سے متعلق ہے۔ اکادمی اس سلسلے میں تدریسی تربیت، ورکشاپ، سمینار اور ترغیبی پروگرام کے ساتھ ساتھ نصابی ضرورتوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے تدریسی مواد کی تیاری کا فریضہ تقریباً ایک دہائی سے انجام دے رہی ہے۔ اس سلسلے کو دراز کرتے ہوئے اکادمی برائے فروغِ استعدادِ اردو میڈیم اساتذہ نے ہیومن ویلفیئر ٹرسٹ، نئی دہلی کے اشتراک سے 10 تا 14 اکتوبر پانچ روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا۔

اختتامی اجلاس کی صدارت اکادمی کے اعزازی ڈائریکٹر پروفیسر شہزاد انجم نے فرمائی۔ انھوں نے اپنی صدارتی تقریر میں کہا کہ تدریسی کتب کی تیاری آسان کام نہیں۔ یہ ہر مرحلے پر خونِ جگر چاہتی ہے۔ اللہ کا شکر ہے کہ آٹھویں درجہ کی درسی کتاب  ’ہماری کتاب‘ کے متون کے انتخاب کا مرحلہ بحسن و خوبی انجام پذیر ہوا۔ انھوں نے مزید کہا کہ درسی کتاب محض کتاب نہیں ہوتی، قوم و ملت کے مستقبل کا لائحہ عمل بھی ہوتی ہے۔

اس موقع پر مولانا انعام اللہ فلاحی نے کہا کہ اکادمی کا علمی تعاون بلاشبہ ہمارے لیے نعمت ہے۔ پروگرام کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر واحد نظیر نے تفصیلی رپورٹ پیش کی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’ہماری کتاب‘ کے اسباق ہر نقطۂ نظر سے مفید مطلب ہیں۔ اختتامی اجلاس کی نظامت ڈاکٹر نوشاد عالم نے کی۔ اجلاس میں ڈاکٹر عبدالرحمن، ڈاکٹر محمد رضوان خان، عائشہ رحمن، اقبال حسین، ڈاکٹرعبداللہ منیرالعالم، ڈاکٹر محمد عارف اور ڈاکٹر شاہ نواز حیدر وغیرہم نے بھی شرکت کی۔