کورونا بحران نے پوری دنیا میں تباہی کا عالم پیدا کر رکھا ہے۔ ایسے میں سائنسداں، ڈاکٹرس اور ٹیکنالوجی کے ماہر افراد اس کوشش میں لگے ہیں کہ کس طرح اس وبا سے بچا جائے۔ اسی کوشش کے تحت شائیکوکن کارپوریشن نے ’وائرس ڈٹیکٹر اینڈ کلینر مشین‘ تیار کی ہے۔ نام سے ظاہر ہے کہ یہ مشین وائرس کو پکڑے گی اور اسے ختم کر دے گی۔ ممبئی کے کچھ بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں اس مشین کو نصب بھی کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مشین ہوا اور سطحوں میں سبھی طرح کے نقصاندہ بیکٹیریا، وائرس اور جرثوموں سے تحفظ فراہم کرتے ہوئے ریئل ٹائم ایئر اسٹرلائزیشن فراہم کرتا ہے۔ کووڈ کے خطرات کے درمیان یہ مشین ممبئی کے کئی اہم اسپتالوں، ریستورانوں اور بھیڑ بھاڑ والی جگہوں پر لگائی گئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ممبئی میں کورونا انفیکشن کا معاملہ بڑی تعداد میں سامنے آ رہا ہے، لیکن گزشتہ کچھ دنوں میں حالات بہتر ہوتے نظر آئے ہیں۔
غور طلب ہے کہ کورونا بحران ابھی پوری طرح سے ختم نہیں ہوا ہے، لیکن کئی طرح کی پابندیوں کے ساتھ ہوٹل، پارک اور سیاحتی مقامات کھولے گئے ہیں۔ اب حکومت و انتظامیہ کی کوشش ہے کہ عوام کو تحفظ فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔ اسی کے تحت وائرس ڈٹیکٹر اینڈ کلینر مشین کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔ حالانکہ ابھی تک ایسا کوئی ڈاٹا سامنے نہیں آیا ہے جس سے پتہ چل سکے کہ اس کا کتنا فائدہ لوگوں کو پہنچ رہا ہے۔