نئی دہلی: عہد حاضر کے ممتاز فکشن نگار اور شعبہ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے استاد پروفیسر خالد جاوید کو پروقار ’جے سی بی ایوارڈ-2022‘ (ناول ’نعمت خانہ‘ کے لیے) ملنے کی خوشی میں اکادمی برائے فروغِ استعدادِ اردو میڈیم اساتذہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ کی جانب سے 22 نومبر 2022 کو نوم چامسکی کمپلیکس میں ایک تہنیتی پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر اکادمی برائے فروغِ استعدادِ اردو میڈیم اساتذہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اعزازی ڈائریکٹر پروفیسر شہزاد انجم نے کہا کہ ’’حالیہ برسوں میں جامعہ ملیہ اسلامیہ نے کامیابی و کامرانی کے ان گنت سنگ میل عبور کیے ہیں۔ یہ ایوارڈ خالد جاوید کی شہرت و نیک نامی کے ساتھ ادارے کی عزت و توقیر کا بھی ضامن ہے۔‘‘

اس تہنیتی جلسہ میں پروفیسر کوثر مظہری نے پروفیسر خالد جاوید کے فکر و فن پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلوب اور مواد دونوں سطحوں پر ان کی انفرادیت نمایاں ہے۔ انھوں نے ان کے فکر و فن اور شخصی اوصاف کے ہم آہنگ ہونے کی بھی ستائش کی۔ بعد ازاں ڈاکٹر واحد نظیر، مولانا انعام اللہ فلاحی، ڈاکٹر حنا آفریں، ڈاکٹر نوشاد عالم، اقبال حسین، ڈاکٹر محمد عارف، عائشہ رحمن، عذرا انجم وغیرہ نے بھی پروفیسر خالد جاوید کے تعلق سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

پروفیسر خالد جاوید نے اس موقع پر اپنے احباب اور چاہنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں ڈاکٹر شاہ نواز حیدر شمسی، عبدالرحمن، ڈاکٹر آس محمد صدیقی، ابو فیضان، عرفان احمد، ذیشان مصطفیٰ، عبداللہ منیرالعالم، آصفہ زینب، راغب علی جمالی، محمد تحسین خان وغیرہ نے بھی شرکت کی۔