جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والی ایک کمسن بچی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو میں وہ وزیر اعظم نریندر مودی سے مخاطب ہے اور اپنی تکلیف بیان کرتے ہوئے اس کا حل نکالنے کی اپیل کر رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بچی جموں کے کٹھوا ضلع واقع لوہائی ملہار گاؤں کی رہنے والی ہے۔ وہ ویڈیو میں انتہائی معصومیت کے ساتھ پی ایم مودی سے کہتی ہے ’’کیسے ہو آپ؟ مجھے آپ سے ایک بات کرنی ہے۔ آپ سب کی بات سنتے ہیں، آج میری بھی سن لیجیے۔‘‘

معصوم بچی کا نام سیرت ناز ہے جو لوہائی کے ایک سرکاری اسکول میں پڑھتی ہے اور اسکول کی خستہ حالی کی جانکاری پی ایم مودی کو دینا چاہتی ہے۔ سیرت ناز اس بات سے غمزدہ ہے کہ اسے اسکول میں دوستوں کے ساتھ فرش پر دھول میں بیٹھ کر پڑھائی کرنی پڑتی ہے۔ ویڈیو میں بچی اسکول کیمپس میں ٹہلتے ہوئے وہاں موجود سبھی خامیوں کی جانکاری شکایتی لہجہ میں دیتی ہے۔ وہ بتاتی ہے کہ اسکول میں بیت الخلاء بھی بہت گندا اور ٹوٹا ہوا ہے، اس لیے سبھی کو رفع حاجت کے لیے کھلے میں جانا ہوتا ہے۔

سیرت ویڈیو میں پرنسپل کا دفتر اور اسٹاف روم بھی دکھاتی ہے۔ یہ بھی بتاتی ہے کہ دفتر کے سامنے برآمدے میں ہی اس کی کلاس لگتی ہے۔ اسکول کی عمارت ہے، لیکن حالت بہت خستہ ہے۔ پھر بچی وزیر اعظم مودی سے معصومانہ انداز میں اپیل کرتی نظر آتی ہے کہ ’آپ ہمارے لیے اچھا اسکول بنا دو‘۔