آئندہ 11 اگست کو فلم شائقین کو باکس آفس پر دو بڑے سپراسٹار کی فلموں کے درمیان مہامقابلہ دیکھنے کو ملنے والا ہے۔ دراصل عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کی ریلیز کے لیے تاریخ کا اعلان ہوگیا ہے۔ 11 اگست کو یہ فلم سنیما ہال میں دستک دے گی۔ دوسری طرف اکشے کمار کی فلم ’رکشابندھن‘ کی ریلیز کے لیے بھی 11 اگست کی تاریخ مقرر ہے۔
منگل کی شام عامر خان نے خود ’لال سنگھ چڈھا‘ کی ریلیز ڈیٹ کا اعلان کیا۔ دوسری طرف اکشے کمار کی فلم ’رکشابندھن‘ کی ریلیز کی تاریخ پہلے ہی 11 اگست فکسڈ کی جا چکی ہے۔ اس طرح ایک ہی دن ان دو بڑی فلموں کے درمیان ٹکراؤ لازمی ہے۔ ویسے عامر کی ’لال سنگھ چڈھا‘ پہلے بیساکھی کے موقع پر اپریل میں ریلیز ہونے والی تھی لیکن فلم مکمل نہیں ہونے کی وجہ سے اس کی ریلیز تاریخ کو آگے بڑھا دیا گیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ 11 اگست کو ہی ایک اوربڑی فلم ’آدی پُرش‘ بھی ریلیز ہونے والی تھی، لیکن عامر خان کی درخواست پر اس کے پروڈیوسرس نے ریلیز کو آگے بڑھا دیا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا اکشے کمار کی ٹیم بھی ٹکراؤ سے بچنے کے لیے فلم ’رکشابندھن‘ کی ریلیز کی تاریخ میں رد و بدل کرتے ہیں یا پھر وہ عامر کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ’لال سنگھ چڈھا‘ میں جہاں عامر خان اور کرینہ کپور اہم کردار ادا کر رہے ہیں وہیں ’رکشابندھن‘ میں اکشے کمار کے ساتھ بھومی پیڈنیکر نظر آئیں گی۔