عامر خان اچھے کنٹنٹ اور منفرد انداز کی فلمیں کرنے کے لیے جانے جاتے ہیں، ساتھ ہی موقع ملنے پر دوسروں کو بھی اچھی فلموں کا مشورہ دینے سے پیچھے نہیں ہٹتے۔ کچھ ایسا ہی مشورہ انہوں نے بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کو فلم ’جھُنڈ‘ کے سلسلے میں دیا۔ دراصل عامر خان نے ’جھُنڈ‘ کے فلور پر جانے سے پہلے ہی فلم کی اسکرپٹ سنی تھی اور وہ اس سے کافی متاثر بھی ہوئے تھے۔ عامر کو اس فلم کے لیے امیتابھ سے بہتر اداکار کوئی نہیں لگا، اس لیے انہوں نے بگ بی کو اسے ضرور کرنے کا مشورہ دیا۔ عامر کی اس بات کو امیتابھ بچن مان بھی گئے۔

اس سلسلے میں امیتابھ بچن نے بتایا کہ ’’مجھے یاد ہے جب میں نے عامر کے ساتھ اس سلسلے میں بات کی تھی۔ انہوں نے مجھ سے کہا تھا کہ مجھے یہ فلم کرنی چاہیے، اور آپ جانتے ہیں کہ کیا ہوتا ہے جب عامر کسی چیز کو اینڈورس کرتے ہیں۔‘‘

حال ہی میں عامر خان نے روح کو جھنجھوڑ دینے والی اس کہانی کی اسپیشل اسکریننگ دیکھی جہاں وہ اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ پائے اور ان کی آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک شاندار فلم ہے۔ ناقابل یقین، بہت ہی منفرد، یہ مجھے نہیں چھوڑے گی۔ میرے پاس اس کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔ عامر نے امیتابھ کے کام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فلم میں زبردست کام کیا ہے۔ یہ ان کی سب سے بہترین فلموں میں سے ایک ہے۔