شاہ رخ خان اپنی حاضر جوابی کے لیے مشہور ہیں۔ حال ہی میں سوشل میڈیا پر اپنے شیدائیوں کے ساتھ بات چیت میں انہوں نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا۔ شاہ رخ نے اپنے چاہنے والوں کے سوالوں پر انھیں اپنے سینس آف ہیومر سے لاجواب کر دیا۔ دراصل شاہ رخ خان سے ایک شیدائی نے عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ سے متعلق سوال کیا تھا جس کے جواب میں شاہ رخ نے یہ انکشاف کیا کہ عامر نے اسے یہ فلم دکھانے کے لیے ایک شرط رکھ دی ہے۔

شاہ رخ سے یہ سوال Ask me Any thing کے ایک سیشن کے دوران سوشل میڈیا صارف نے تھا۔ سوال تھا کہ ’’لال سنگھ چڈھا دیکھی؟‘‘ اس پر کنگ خان نے حاضر جوابی کا بہترین نمونہ پیش کرتے ہوئے لکھا ’’ارے یار، عامر کہتا ہے کہ پہلے پٹھان دکھا۔‘‘ شاہ رخ کے اس جواب سے ہر کسی کے چہرے پر مسکراہٹ ضرور آ گئی ہوگی۔

بات چیت کے دوران ایک دیگر سوشل میڈیا یوزر نے ان کی آنے والی فلم ’پٹھان‘ کے سلسلے میں سوال کیا کہ ’’کیا آپ کو لگتا ہے پٹھان آپ کے شیدائیوں کی امیدوں پر کھری اتر پائے گی؟‘‘ اس پر شاہ رخ نے ایک اور پُرلطف جواب دیا۔ انھوں نے کہا ’’تھوڑا تم ایڈجسٹ کر لینا، تھوڑا میں کر دوں گا، تب ساری امیدیں پوری ہو جائیں گی۔‘‘ غور طلب ہے کہ شاہ رخ موقع بہ موقع سوشل میڈیا پر اپنے شیدائیوں سے روبرو ہوتے رہتے ہیں اور ان کے سوالوں کا جواب دے کر ان کی دلجمعی کرتے ہیں۔