عامر خان کو مسٹر پرفیکشنسٹ ایسے ہی نہیں کہا جاتا ہے۔ وہ بہترین اداکار تو ہیں ہی، انھیں یہ بھی معلوم ہے کہ فلم کی تشہیر کس طرح کرنی ہے۔ عامر نے اپنی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کا ٹریلر ریلیز کرنے کے لیے آئی پی ایل کے فائنل میچ کا انتخاب کر کے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا۔ پہلی بار کسی فلم کا ٹریلر لانچ کسی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں اور ٹیلی ویژن پر کیا گیا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ اسے لوگوں کا خوب پیار ملا، اور سبھی کو اب اس فلم کی ریلیز کا انتظار ہے۔
اس فلم میں عامر خان کے علاوہ قرینہ کپور، چیتنیہ اکینینی اور مونا سنگھ اہم کردار میں ہیں۔ جب فلم کا ٹریلر ریلیز ہوا تو اس کے موضوع نے ایک جذباتی ماحول پیدا کر دیا۔ ٹریلر دیکھ کر پتہ چلا کہ ایک بار پھر عامر خان چلبلے انداز میں، لیکن کچھ اوقات میں جسمانی طور پر معذور افراد کا کردار نبھا رہے ہیں۔ ٹریلر میں ماں کے ساتھ لال سنگھ چڈھا کی محبت اور دنیا دیکھنے کا اس کا الگ انداز صاف نظر آتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بلاک بسٹر فلم ’3 ایڈیٹس‘ کے بعد عامر خان اور قرینہ کپور ایک ساتھ دکھائی دینے والے ہیں، اور اسی لیے لوگوں کی بے قراری بڑھ گئی ہے۔ فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کے ٹریلر میں دونوں کی کیمسٹری کافی متاثر کرتی ہے۔ ادویت چندن کی ہدایت کاری میں بنی یہ فلم 11 اگست کو ریلیز ہوگی، یعنی 15 اگست کی تعطیل کا اسے فائدہ مل سکتا ہے۔