اپنی اداکاری سے لوگوں کو ’سرپرائز‘ دینے والے عامر خان اب اپنی نجی زندگی میں لوگوں کو حیران کرنے والے ہیں۔ میڈیا میں آ رہی خبروں پر یقین کریں تو عامر جلد ہی تیسری بار دولہا بننے والے ہیں۔ اگر آپ ان کی دلہن کا نام جاننا چاہتے ہیں تو فی الحال یہ ایک راز ہے۔ ہاں، یہ ضرور ہے کہ دلہن کے تعلق سے کچھ اشارے ضرور سامنے آئے ہیں۔
دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ عامر خان بہت جلد تیسری شادی کے تعلق سے اعلان کر سکتے ہیں۔ ایسی بھی خبریں ہیں کہ شاید وہ اپنی کسی ’کو-اسٹار‘ سے شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اب یہ ساتھی اداکارہ کون ہوگی، اس کا پتہ فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کی ریلیز کے بعد ہی چل پائے گا۔ ابھی نام ظاہر نہ کرنے کی وجہ یہ بتائی جا رہی ہے کہ ایسا کرنے سے سبھی کا دھیان فلم کی جگہ عامر کی شادی پر چلا جائے گا، اور اس سے فلم کو کافی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
واضح ہو کہ اپنی دوسری اہلیہ کرن راؤ کو اچانک طلاق دے کر مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے سبھوں کو حیران کر دیا تھا۔ کچھ رپورٹس میں عامر خان کے ساتھ ان کی فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ میں کام کرنے والی اداکارہ فاطمہ ثنا شیخ کو اس طلاق کی وجہ بتایا گیا تھا۔ اب دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ عامر کی تیسری دلہن فاطمہ بنیں گی، یا ایک بار پھر وہ اپنے شیدائیوں کو کوئی نیا ’سرپرائز‘ دیں گے۔