عامر خان ’لال سنگھ چڈھا‘ پر کافی عرصے سے کام کر رہے ہیں۔ بیچ بیچ میں کئی وجوہات سے اس فلم کی شوٹنگ اور ریلیز میں تاخیر ہوئی لیکن اب یہ ریلیز کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ دوسری طرف خاص بات یہ ہے کہ ’لال سنگھ چڈھا‘ کی ریلیز سے پہلے ہی عامر کی نئی فلم کی سرگرمیاں شروع ہو گئی ہیں۔

نئی فلم کی پلاننگ کی تصدیق خود عامر خان نے کی ہے۔ دراصل 14 مارچ کو جب عامر اپنے 57ویں یوم پیدائش کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے تو ایک صحافی نے ان سے ایک فلم کی ریمیک کے سلسلے میں اَپ ڈیٹ مانگا۔ اس پر پہلے تو عامر تھوڑا حیران ہوئے، پھر انہوں نے کہا کہ ابھی تو ہم لوگوں نے فلم کا اعلان بھی نہیں کیا ہے اور آپ کو یہ پتہ بھی چل گیا۔ آگے عامر نے نئے پروجیکٹ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ابھی اس پر بات چل رہی ہے، آپ کو جلد ہی اس سلسلے میں اطلاع دیں گے۔

عامر خان کی جس ریمیک فلم پر کام کرنے کی بات ہو رہی ہے وہ ہے 2018 میں آئی اسپینش فلم ‘Campeones’۔ اس  میں ایک ایسے مغرور اور شرابی کوچ کی کہانی دکھائی گئی ہے جو ذہنی طور پر کمزور لوگوں کی ایک ٹیم کی تربیت کرتا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس ریمیک کی ہدایت کاری ’شبھ منگل ساودھان‘ کے ڈائریکٹر آر. ایس. پرسنّا کریں گے۔ امید ہے کہ فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کی ریلیز کے بعد عامر اس نئے پروجیکٹ پر تیزی سے کام کریں گے۔