او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر مل رہی زبردست کامیابی سے پُرجوش ابھشیک بچن لگاتار منفرد انداز کے کردار کا انتخاب کر رہے ہیں۔ اسی کی ایک اور کڑی ہے ’دسویں‘۔ نیٹ فلکس پر آنے والی اس فلم کا ٹیزر ریلیز ہو چکا ہے جس میں ابھشیک جیل سے دسویں کا امتحان دینے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ٹیزر میں وہ پورے جوش میں ہیں۔ قیدیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں ’’مجرمو، زیادہ شور اب سے نہیں ہونا چاہیے۔ میں جیل سے دسویں کی تیاری کر رہا ہوں، یہ میرا رائٹ ٹو ایجوکیشن ہے۔‘‘ پھر وہ ڈانس کرنا شروع کر دیتے ہیں۔

ابھشیک نے ’دسویں‘ کا ٹیزر ریلیز کرتے ہوئے لکھا ہے ’’ایک طالب علم کی طرف سے باقی سبھی طالب علموں کو دسویں کے امتحان کے لیے بیسٹ آف لک۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے اس فلم کی ریلیز کے لیے 7 اپریل کی تاریخ مقرر ہونے کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ فلم میں ابھشیک کے کردار کا نام گنگا رام چودھری ہے جو پائجامے اور کُرتے میں ملبوس ہے۔

ٹیزر دیکھ کر ابھشیک کا کردار کافی دلچسپ لگ رہا ہے۔ اس ٹیزر پر ردعمل بھی آنے شروع ہو گئے ہیں۔ نویا نویلی نے ٹیزر کو پسند کرتے ہوئے لکھا ’’یہ کافی مزیدار لگ رہا ہے۔ آپ پر یہ لُک کافی سوٹ کر رہا ہے۔‘‘ ایک شخص نے مذاقاً کہا کہ ’’ریزلٹ اچھا نہیں آیا تو امیتابھ بچن آپ کو کمرے میں بند کر دیں گے۔‘‘ اب یہ تو وقت ہی بتائے گا کہ ابھیشیک ’دسویں‘ کے امتحان میں پاس ہوتے ہیں یا فیل۔