نئی دہلی: اکادمی برائے فروغِ استعدادِ اردو میڈیم اساتذہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی میں ہیومن ویلفیئر ٹرسٹ، نئی دہلی کے اشتراک سے 22 تا 26 اگست 2022ء پانچ روزہ ورکشاپ کا انعقاد عمل میں آیا۔ ورکشاپ کے آخری دن اختتامی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت اکادمی کے اعزازی ڈائریکٹر پروفیسر شہزاد انجم نے کی۔ اس ورکشاپ کا انعقاد ہیومن ویلفیئر ٹرسٹ کی درجہ نہم کی درستی کتاب ’ہماری کتاب‘ کو حتمی شکل دینے کی غرض سے ہوا تھا۔

اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر اجلاس پروفیسر شہزاد انجم نے کہا کہ درسی کتب کی تیاری میں متن کے انتخاب سے لے کر مشق تیار کرنے تک یہ ملحوظ رکھنا ضروری ہے کہ ہم اس سبق کا ماحصل کیا چاہتے ہیں۔ ظاہر ہے ان تمام مرحلوں میں ورکشاپ کے شرکا کی علمی لیاقت، تدریسی تجربہ و مشاہدہ رہنما کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان سب کے باوجود کتاب تیار کرتے ہوئے دقت نظری اور احتیاط لازمی ہیں۔ ہمیں خوشی ہے کہ ورکشاپ میں شریک ماہرینِ تعلیم، اساتذہ اور اسکالرس نے اس کتاب کو معیاری بنانے میں بھرپور تعاون کیا۔

مولانا انعام اللہ فلاحی (کوآرڈینیٹر درسیات، مرکزی تعلیمی بورڈ، نئی دہلی) نے بھی اس موقع سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ورکشاپ کی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر حنا آفریں (اکادمی برائے فروغِ استعدادِ اردو میڈیم اساتذہ) نے تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر نوشاد عالم نے انجام دیے۔ ورکشاپ میں ڈاکٹر واحد نظیر، ڈاکٹر عبدالرحمن، ڈاکٹر خالد مبشر، ڈاکٹر آفتاب احمد منیری، ڈاکٹر شاہ نواز حیدر شمسی، ڈاکٹر نوشاد عالم، عائشہ رحمن اور عبداللہ منیر العالم وغیرہ شامل رہے۔