ہندوستانی ٹی وی سیریل ’کامنا‘ پر پاکستانی سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کی کہانی ہوبہو کاپی کرنے کا الزام لگ رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر اس عمل کی زبردست تنقید کی جا رہی ہے۔ سونی ٹی وی پر آنے والے اس نئے شو کا ٹریلر اور شو پرومو کے کلپ ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر اسے پاکستانی سیریل کی کاپی بتا کر خوب مذاق اڑایا جا رہا ہے۔
’کامنا‘ کی ٹرولنگ کرتے ہوئے ایک سوشل میڈیا یوزر نے لکھا ہے ’میرے پاس تم ہو‘ کا سستا ورزن۔ دوسرے یوزر نے لکھا ’’کیا میں اکیلی ہوں جسے لگتا ہے کہ ’کامنا‘ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کا ریمیک ہے۔ 25 ایپی سوڈ کی کہانی 250 ایپی سوڈ میں دکھائی جائے گی کیونکہ یہ انڈین ڈرامہ ہے۔‘‘ کئی ہندوستانی سوشل میڈیا یوزر نے بھی ’کامنا‘ کے پاکستانی سیریل کی کاپی ہونے پر اتفاق ظاہر کیا ہے۔ ویسے یہ کوئی پہلی بار نہیں ہے بلکہ ماضی میں بھی سیریل کی کہانیاں کاپی کرنے کے معاملے سامنے آ چکے ہیں۔
غور طلب ہے کہ 2019 میں آئے پاکستانی ٹی وی سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کو کئی ملین میں ویوز ملے تھے۔ سیریل کی کہانی کی بات کریں تو اس میں ایک مڈل کلاس فیملی کو دکھا گیا ہے۔ اس میں ایک شوہر ہے جو معمولی ملازمت کرتا ہے۔ لیکن اس کی بیوی لگژری لائف اسٹائل کے خواب دیکھتی ہے اور پورا نہیں ہونے پر مایوس ہو جاتی ہے۔ شوہر-بیوی کی کشمکش کو سیریل میں بہت ہی شاندار طریقے سے دکھایا گیا ہے۔