شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کا انتظار کر رہے لوگوں کے لیے خوشخبری ہے۔ فلم کی شوٹنگ سے متعلق سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں اور جلد ہی ٹیم بین الاقوامی شیڈول مکمل کرنے کے لیے اسپین روانہ ہو سکتی ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق فروری کے آخری ہفتے میں ممبئی میں فلم کے کچھ حصوں کی شوٹنگ ہو گی جس کے بعد مارچ کے پہلے ہفتے میں شاہ رخ، جان ابراہم اور دیپیکا پادوکون بین الاقوامی شیڈول کے لیے اسپین جانے والے ہیں جہاں فلم کے کئی اہم مناظر کی عکس بندی کی جائے گی۔ غور طلب ہے کہ ’پٹھان‘ کے اسپین شیڈول کی شوٹنگ پچھلے سال ہی ہونے والی تھی لیکن کورونا کی تیسری لہر کی وجہ سے اسے رد کرنا پڑا تھا۔
واضح رہے کہ شاہ رخ فلم ’پٹھان‘ کے ذریعہ تین برسوں بعد بڑے پردے پر واپسی کرنے والے ہیں۔ گزشتہ سال اس فلم سے متعلق دبئی سیٹ کی کئی ویڈیوز لیک ہو چکی ہیں جس میں شاہ رخ چلتی ہوئی کار کے اوپر کھڑے ہو کر فائٹنگ مناظر کی شوٹنگ کرتے نظر آئے۔ کنگ خان کو اس نئے انداز میں دیکھنے کے لیے سبھی پُرجوش ہیں اور وہ فلم کے جلد سے جلد مکمل ہونے کا بے صبری سے انتظار کر ہے ہیں۔ ویسے شاہ رخ کی آخری فلم کی بات کریں تو وہ ’زیرو‘ تھی جو 2018 میں آئی تھی لیکن باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے اچھے پروجیکٹ کا انتظار کیا، اور اب ’پٹھان‘ سے واپسی کرنے کے لیے تیار ہیں۔