سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی-20 میچ میں داسون شناکا کو آؤٹ کرنے کے ساتھ ہی یجویندر چہل بین الاقوامی ٹی-20 فارمیٹ میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے ہندوستانی گیندباز (مرد) بن گئے ہیں۔ یہ کارنامہ انجام دینے کے بعد یجویندر چہل کو چہار جانب سے مبارکبادیاں مل رہی ہیں۔ آئی پی ایل ٹیم راجستھان رائلس نے بھی چہل کو ان کی حصولیابی پر ٹوئٹ کر کے مبارکباد پیش کی۔ لیکن ان سے ایک غلطی سرزد ہو گئی جس کا ٹیم نے فوراً اعتراف کرتے ہوئے ایک دیگر ٹوئٹ کے ذریعہ اپنی اصلاح کر لی۔

دراصل راجستھان رائلس کے ٹوئٹر ہینڈل سے ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی جس میں چہل ’پشپا‘ فلم کے مشہور اسٹائل کی نقل کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ اس کے نیچے کیپشن لگایا گیا ہے ’’آپ ابھی ٹی-20 میں ہندوستان کے لیڈنگ وکٹ ٹیکر کھلاڑی کو دیکھ رہے ہیں۔‘‘ اس پوسٹ کے بعد راجستھان نے جلد ہی اس ٹوئٹ کو ٹیگ کرتے ہوئے ایک دوسرا ٹوئٹ کیا جس میں لکھا ’’مردوں کے ٹی-20 بین الاقوامی مقابلوں میں، ہم جذبات میں بہہ گئے تھے۔‘‘

آپ سمجھ ہی گئے ہوں گے کہ راجستھان رائلس سے غلطی کہاں پر ہوئی۔ دراصل ٹی-20 فارمیٹ میں ہندوستان کی طرف سے سب سے زیادہ وکٹ خاتون لیگ اسپنر پونم یادو (98 وکٹ) نے لیے ہیں۔ گویا کہ چہل مرد ٹیم کے لیے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے گیندباز ہوئے۔ ویسے یجویندر چہل نے ٹی-20 فارمیٹ میں ہندوستان کے لیے 67 وکٹ لیے ہیں، یعنی ابھی وہ پونم یادو سے کافی پیچھے ہیں۔