جھانوی کپور کی اداکاری کے ہنر سے تو سبھی واقف ہیں، لیکن ان کے پردے کے پیچھے کے شوق کے بارے میں شاید ہی کسی کو علم ہو۔ نیا انکشاف یہ ہوا ہے کہ شری دیوی کی اس لاڈلی بیٹی کو کھانا بنانا بہت پسند ہے۔ حالانکہ ان کا یہ شوق گھر والوں پر کئی بار بہت بھاری پڑ چکا ہے۔ دراصل کئی مرتبہ جھانوی کے گھر والے ان کے ہاتھوں کا بنا کھانا کھا کر بیمار پڑ چکے ہیں۔ اس بات کا تذکرہ خود جھانوی نے کیا ہے۔
قرینہ کپور کے ایک چیٹ شو میں جھانوی کپور نے کئی باتیں کھل کر رکھیں۔ کئی ایسی باتیں انھوں نے بتائیں جس کے بارے میں کم ہی لوگ جانتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اداکاری میں قسمت آزمانے سے پہلے وہ اکثر کھانا بنایا کرتی تھیں اور اسے والدین و چھوٹی بہن خوشی سے ٹیسٹ کرواتی تھیں۔ لیکن ان کے ہاتھ کا بنا کھانا کھا کر گھر والے کئی بار ’فوڈ پوائزننگ‘ کا شکار ہو کر بیمار پڑ گئے۔ قرینہ کپور کے ساتھ بات چیت میں جھانوی کپور نے مزید بتایا کہ انہیں وہاٹس ایپ اور سوشل میڈیا پر میسجنگ اور چیٹنگ کرنا بالکل پسند نہیں۔ اگر کوئی ان سے بات کرنا چاہتا ہے تو بہتر ہے کہ فون کرے۔
غور طلب ہے کہ والدہ شری دیوی کے انتقال کے بعد 2018ء میں جھانوی کپور کی پہلی فلم ’دھڑک‘ ریلیز ہوئی تھی۔ بعد میں انھوں نے ’روحی‘ اور ’گنجن سکسینہ‘ جیسی فلمیں کیں جس میں ان کی اداکاری کی کافی تعریف ہوئی۔