پوری دنیا اس وقت ایک بحرانی کیفیت کا سامنا کر رہی ہے۔ بے روزگار نوجوانوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور ملازمت پیشہ افراد غیر یقینی کی حالت میں مبتلا ہیں۔ خصوصاً ٹیکنالوجی کمپنیاں لگاتار ملازمین کی چھنٹنی کر رہی ہیں۔ فیس بک ہو یا ٹوئٹر، امیزون ہو یا فلپکارٹ، سبھی نے اپنے یہاں ملازمین کی تعداد کم کی ہے۔ اب خبر یہ سامنے آ رہی ہے کہ گوگل نے کئی روبوٹس کو ملازمت سے نکال دیا ہے۔ جی ہاں، انسانوں کے بعد اب روبوٹ کی ملازمت بھی خطرے میں دکھائی دے رہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گوگل سے جڑی ہوئی کمپنی ’الفابیٹ‘ نے تقریباً 100 روبوٹس کو نوکری سے نکالا ہے۔ اس امریکی ٹیکنالوجی کمپنی نے ’ایوریڈے ربوٹس پروجیکٹ‘ کو بند کر دیا ہے جس سے کئی روبوٹ بے روزگار ہو گئے ہیں۔ اس سے قبل مشہور سرچ انجن گوگل نے کمپنی کے تقریباً 12 ہزار ملازمین کو باہر کا راستہ دکھایا تھا۔

بہرحال، ’ایوریڈے روبوٹس پروجیکٹ‘ گوگل کے ’ایکسپریمنٹل x لیباریٹریز‘ کے تحت ایک یونٹ تھا جسے الفابیٹ کے چیف ایگزیکٹیو افسر سندر پچائی نے بند کر دیا ہے۔ اس کے تحت ایک ہاتھ والے 100 روبوٹس کی ٹریننگ ہوئی تھی۔ یہ روبوٹس پہیوں کے سہارے چلتے تھے اور کمپنی کے کیفیٹیریا (ریستوراں) کو صاف کرنے میں مدد کرتے تھے۔ ان میں سے کئی روبوٹس پروٹوٹائپ کو لیب کے باہر بھی بھیجا گیا ہے اور وہ گوگل کے ’بے ایریا‘ میں اچھا کام کر رہے ہیں۔ پہلے ان روبوٹس کو ٹیبل صاف کرنے، کوڑا الگ کرنے اور ریسائیکل کرنے کے کام پر لگایا گیا تھا۔