ابھی زیادہ دن نہیں ہوئے ہیں جب سابق مرکزی وزیر بابل سپریو نے بی جے پی چھوڑ کر سیاست سے دوری اختیار کرنے کا اعلان کیا تھا، لیکن اب ایک بار پھر انھوں نے سیاسی پاری کی شروعات کر دی ہے اور اس کے لیے انھوں نے ’ترنمول کانگریس‘ کا انتخاب کیا ہے۔ ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) میں شامل ہونے کے بعد انھوں نے بی جے پی کے تعلق سے جو پہلا بیان دیا ہے اس میں کہا ہے کہ ’’میں نے بی جے پی کے لیے بہت محنت سے کام کیا، لیکن میں بیٹھ کر رہنے کے لیے تیار نہیں ہوں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ بابل سپریو نے ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری اور رکن پارلیمنٹ ابھشیک بنرجی اور راجیہ سبھا رکن ڈیریک او برائن کی موجودگی میں آج پارٹی کی رکنیت حاصل کی۔ انھوں نے پارٹی میں شامل ہونے کے بعد کہا کہ ’’دیدی پر بنگال کو بھروسہ ہے۔ میں ٹی ایم سی میں آ کر فخر محسوس کر رہا ہوں۔ عوام کی خدمت کرنا میرا مقصد ہے۔‘‘
واضح رہے کہ آسنسول پارلیمانی سیٹ سے بطور بی جے پی امیدوار انتخاب جیتنے والے بابل سپریو نے تقریباً تین ماہ قبل اعلان کیا تھا کہ وہ سیاست چھوڑ رہے ہیں۔ بعد ازاں بی جے پی قیادت نے انھیں کسی طرح سمجھا کر کہا تھا کہ لوک سبھا رکن بنے رہیں۔ لیکن ٹی ایم سی میں شامل ہونے کے بعد بابل سپریو نے صاف کر دیا ہے کہ اب آسنسول سیٹ پر بنے رہنے کا کوئی مطلب نہیں۔