بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رانوت کے ذریعہ ہندوستان کی ’آزادی‘ کو لے کر دیے گئے متنازعہ بیان پر ہنگامہ جاری ہے۔ اس درمیان کانگریس کے سینئر لیڈر منی شنکر ایر نے بھی ایک متنازعہ بیان دے دیا ہے۔ حالانکہ ان کا بیان کنگنا کے بیان سے برعکس ہے۔ جہاں کنگنا کا یہ کہنا تھا کہ ہندوستان کو اصل آزادی 2014 میں ملی، وہیں منی شنکر ایر کے مطابق 2014 کے بعد سے ہندوستان امریکہ کا غلام بن گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق منی شنکر ایر نے 22 نومبر کو دہلی میں ایک سمینار سے خطاب کرتے ہوئے یہ متنازعہ بیان دیا۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ سات سال سے ہم دیکھ رہے ہیں کہ ہم امریکیوں کے غلام بن کر بیٹھے ہیں۔ وہ کہتے ہیں ’’گزشتہ 7 سالوں سے نان-الائنمنٹ کی تو بات ہی نہیں ہوتی۔ امن کی بات ہی نہیں ہوتی۔ امریکیوں کے غلام بن کر بیٹھے ہیں۔ وہ کہتے ہیں چین سے بچو۔ ہم کہیں گے کہ چین کے سب سے قریب کے دوست تو آپ ہی ہو۔‘‘
منی شنکر ایر جس سمینار میں یہ باتیں کہہ رہے تھے وہ ہندوستان اور روس کے تعلقات پر مبنی تھا۔ انھوں نے اپنے خطاب کے دوران یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی کہ ہندوستان اور روس کے درمیان اب پہلے جیسے تعلقات نہیں رہے۔ منی شنکر کے مطابق جب سے مودی حکومت آئی ہے، یہ رشتہ کمزور ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ 2014 تک روس کے ساتھ ہمارے جو رشتے ہوا کرتے تھے، اس میں کمی آئی ہے۔