الّو ارجن کی فلم ’پشپا‘ کی دیوانگی لوگوں میں دن بہ دن بڑھتی ہی جا رہی ہے۔ فلم کے گانے، ڈانس اسٹائل اور ڈائیلاگ پر نئے نئے تجربات کی سیلاب سی آ گئی ہے۔ گزشتہ دنوں فلم کے ’سری ولّی‘ گانے کا کشمیری ورژن آیا تھا جو کافی وائرل بھی ہوا تھا۔ ایسے میں بہاری کہاں پیچھے رہنے والے تھے، انہوں نے اس کا بھوجپوری ورژن بنا ڈالا ہے جسے کچھ لوگ آریجنل سے بھی بہتر بتا رہے ہیں۔

’سری ولّی‘ کے بھوجپوری ورژن کو بنانے کا کریڈٹ راہل رائے، کمار منیش سنگھ اور کنور ابھینو آدتیہ کو جاتا ہے۔ بھوجپوری ورژن میں ’سری ولّی‘ گانے کو کچھ بدلاؤ کے ساتھ  گلوکار نے بہت ہی خوبصورتی سے گایا ہے۔ ساتھ ہی اس ویڈیو میں فلم کے منفرد ڈانس اسٹائل کو بھی کاپی کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ کمال کی بات یہ ہے کہ کئی لوگوں کو ’سری ولّی‘ کا بھوجپوری ورژن آریجنل سے بھی بہتر لگ رہا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں جب ’پشپا‘ کو بھوجپوری کے سانچے میں ڈھالا گیا ہے۔ اس سے پہلے اس فلم کے سپرہٹ ہندی ڈائیلاگ ’پشپا، پشپا راج، میں جھکے گا نہیں‘ کا استعمال کر بھوجپوری میں گانا تک بنا دیا گیا تھا۔ بھوجپوری گلوکار گولو گولڈ کے اس گانے نے انٹرنیٹ پر خوب دھوم مچائی تھی۔ ’سری ولّی‘ گانے کی بات کریں تو اس کے اصل گلوکار سڈ شری رام ہیں جنہوں نے اسے تمل، تیلگو، کنڑ اور ملیالم میں اپنی آواز دی ہے، جبکہ جاوید علی نے اس کے ہندی ورژن کو گایا ہے۔