گزشتہ دنوں وارانسی واقع کرن گھنٹا مسجد کو ہلکے بھگوا رنگ میں پینٹ کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ ہنگامہ ہونے پر مسجد کو دوبارہ سفید رنگ میں پینٹ کر دیا گیا۔ لیکن اب وارانسی کے کانگریس دفتر پر بھی مقامی انتظامیہ نے رنگ و روغن کر دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ گلابی رنگ ہے جسے کچھ لوگ ہلکا بھگوا تصور کر رہے ہیں۔ کانگریس لیڈروں نے باقاعدہ چٹھی لکھ کر وارانسی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو پینٹ ہٹانے کے لیے 36 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا ہے۔ ایسا نہ ہونے پر کانگریس نے سخت احتجاج کی تنبیہ کی ہے۔

دراصل وزیر اعظم نریندر مودی 13 دسمبر سے وارانسی کا دو روزہ دورہ کریں گے۔ اس دوران وشوناتھ دھام کی رونمائی کی تقریب منعقد ہوگی۔ اس سے قبل وشوناتھ مندر کی طرف جانے والے راستوں کی پینٹنگ کرائی جا رہی ہے۔ یکسانیت ظاہر کرنے کے لیے سبھی عمارتوں کو گلابی رَنگ سے پینٹ کرایا جا رہا ہے۔ وارانسی کے میداگن چوراہے پر واقع کانگریس دفتر کو بھی اسی رنگ میں پینٹ کر دیا گیا ہے۔

کانگریس دفتر پر نیا رَنگ چڑھانے سے متعلق مقامی انتظامیہ نے کوئی اجازت نامہ نہیں لیا تھا۔ کانگریس نے وارانسی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو خط میں لکھا ہے ’’میداگن چوراہے کے بغل میں واقع کانگریس پارٹی کے دفتر کو بغیر اجازت نامہ لیے گلابی رنگ میں رنگ دیا گیا ہے جو قانون کے خلاف ہے۔ 36 گھنٹے میں کانگریس پارٹی کے دفتر کو پہلے کی حالت میں لایا جانا ضروری اور انصاف پر مبنی ہے۔‘‘