ٹی-20 عالمی کپ 2022 کے سیمی فائنل میں ہندوستانی ٹیم کو انگلینڈ کے ہاتھوں 10 وکٹ سے شکست ہاتھ لگی تھی۔ اس شرمناک شکست کے ہفتہ بھر بعد 18 نومبر کو بی سی سی آئی (بورڈ آف کنٹرول فور کرکٹ اِن انڈیا) نے سخت قدم اٹھاتے ہوئے پوری سلیکشن کمیٹی کو برخواست کر دیا ہے۔ اتنا ہی نہیں، بورڈ نے قومی سلیکٹرس عہدہ کے لیے درخواست بھی طلب کیا ہے۔ بورڈ نے اپنے آفیشیل ویب سائٹ پر بتایا ہے کہ سلیکٹرس کے 5 عہدے خالی ہیں جن کے لیے 28 نومبر 2022 کی شام 6 بجے تک درخواست جمع کیے جا سکتے ہیں۔

غور طلب ہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی کی قیادت چیتن شرما کر رہے تھے۔ ان کے ساتھ مزید 3 سلیکٹرس تھے جنھیں عہدہ سے دستبردار کر دیا گیا ہے۔ دراصل شمالی زون سے چیتن شرما، وسطی زون سے ہروِندر سنگھ، جنوبی زون سے سنیل جوشی، اور مشرقی زون سے دیباشیش موہنتی سلیکشن کمیٹی میں شامل تھے۔ مغربی زون سے ابھے کرویلا سلیکشن کمیٹی میں تھے، لیکن چار سال کی مدت پوری ہونے کے بعد وہ پہلے ہی ریٹائر ہو گئے تھے۔

بہرحال، سلیکٹر عہدہ کی درخواست کے لیے کم از کم 7 ٹیسٹ میچ یا 30 فرسٹ کلاس میچ یا 10 یک روزہ میچ کے ساتھ 20 فرسٹ کلاس میچ کا تجربہ ضروری ہے۔ درخواست دہندہ کم از کم 5 سال پہلے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ بھی لے چکا ہونا چاہیے۔ علاوہ ازیں وہ قومی سلیکشن کمیٹی کا رکن نہیں بن سکتا جو 5 سالوں کے لیے کسی بھی کرکٹ کمیٹی کا رکن رہا ہے۔