ہندوستانی کرکٹر کا ریٹائرمنٹ لے کر امریکہ کے لیے کھیلنے کا ایک اور معاملہ سامنے آیا ہے۔ انمکت چند کے بعد اب ہندوستانی اسپنر بپل شرما نے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے اور امریکہ میں کھیلنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ وہ جلد ہی امریکی لیگ میں کھیلتے نظر آئیں گے۔

بپل شرما آئی پی ایل میں پنجاب کنگز اور سنرائزرس حیدر آباد کے لیے کھیل چکے ہیں۔ 2016ء میں وہ آئی پی ایل چمپئن بننے والی سنرائزرس حیدر آباد ٹیم کا حصہ بھی تھے۔ انہوں نے فائنل مقابلے میں بنگلور کے اسٹار بلے باز اے بی ڈویلیئرس کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو چمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ بپل شرما کے کرکٹ کیریئر کی بات کریں تو انہوں نے 5835 رن بنائے اور ساتھ ہی 306 وکٹ بھی لیے۔ بپل نے اپنے فرسٹ کلاس کیریئر میں 8 سنچری لگائے ہیں۔

غور طلب ہے کہ بی سی سی آئی قوانین کے مطابق غیر ملکی لیگ میں حصہ لینے کے لیے کھلاڑیوں کو آئی پی ایل اور گھریلو کرکٹ کو الوداع کہنا ہوتا ہے۔ اسی لیے جب بھی کوئی ہندوستانی کرکٹر کسی باہری لیگ میں حصہ لینا چاہتا ہے تو ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنا پڑتا ہے۔ کچھ مہینوں پہلے انڈر-19 عالمی کپ چمپئن ٹیم کے کپتان انمکت چند کو بھی امریکہ میں کھیلنے کے لیے  ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنا پڑا تھا۔ انمکت نے امریکہ میں مائنر لیگ میں کافی اچھا مظاہرہ کیا اور وہ بگ بیش لیگ میں ملبورن رینیگیڈس کا بھی حصہ ہیں۔