آنجہانی اداکار رشی کپور کی آخری فلم ’شرما جی نمکین‘ کا انتظار فلم شائقین بے صبری سے کر رہے ہیں۔ فلم کا ٹریلیر ریلیز کر دیا گیا ہے جس میں رشی کپور اور پریش راول ایک ساتھ ایک ہی کردار ادا کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ ’شرما جی نمکین‘ کے ٹریلر میں آنجہانی اداکار رشی کپور کو آخری مرتبہ دیکھ کر فلم شیدائیوں کی آنکھیں نم ہو گئی ہیں۔

غور طلب رہے کہ فلم مکمل ہونے سے پہلے ہی 2020ء میں رشی کپور کا انتقال ہو گیا تھا۔ اس کے بعد باقی بچے حصوں کو پریش راول کو لے کر پورا کیا گیا۔ فلم کا ٹریلر بھی دونوں اداکاروں کے مناظر کو ملا کر بنایا گیا۔ ہندوستانی فلموں کی تاریخ میں شاید ایسا پہلی مرتبہ ہوگا جب کسی فلم میں دو اداکار ایک ہی کردار ادا کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔ فلم ناظرین بھی اس کے ذریعہ ایک دلچسپ تجربے کا احساس کرنے والے ہیں۔

فلم ’شرما جی نمکین‘ میں ایک ریٹائر شخص کی زندگی کو دکھایا گیا ہے، جو اپنی نوکری سے سبکدوشی کے بعد الگ الگ طرح کے کام کرنے کی کوشش کرتا ہوا نظر آتا ہے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد اسے اپنے بیٹے کی ڈانٹ بھی سننی پڑتی ہے۔ محتاج بن کر رہنے تک اس شخص کی زندگی میں کئی اتار چڑھاؤ آتے ہیں۔ یہ فلم کامیڈی کے ساتھ ساتھ جذباتی پہلوؤں کو بھی اجاگر کرتی ہے۔  ہتیش بھاٹیہ کی ہدایت کاری میں بنی ’شرماجی نمکین‘ 31 مارچ کو دنیا بھر کے 240 ملکوں میں پرائم ویڈیو پر ریلیز ہوگی۔