اگنی پتھ اسکیم کے خلاف پورے ملک میں نوجوان سڑکوں پر اتر کر مظاہرہ کر رہے ہیں۔ سیاسی پارٹیاں بھی اس اسکیم پر مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ حالانکہ مرکزی وزراء اور تینوں ہندوستانی افواج کے سربراہان اگنی پتھ کی خوبیاں شمار کراتے نہیں تھک رہے۔ اس درمیان اے ایم پی (ایسو سی ایشن آف مسلم پروفیشنلز) نے مسلم نوجوانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کثیر تعداد میں ’اگنی ویر‘ بننے کے لیے درخواست دیں۔ اس سلسلے میں نمازِ جمعہ (24 جون) کے خطبہ میں مختلف مساجد کے امام صاحبان بھی مسلم نوجوانوں سے اپیل کرتے دکھائی دیں گے۔

تعلیم کے شعبہ میں سرگرم اے ایم پی نے کئی مساجد کے امام صاحبان کو پیغام بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نمازیوں کو اگنی پتھ اسکیم کے بارے میں جانکاری دیں۔ نمازیوں سے اپیل کریں کہ وہ اپنے بیٹوں، رشتہ داروں اور دوستوں کو اگنی پتھ سے فائدہ اٹھانے کے لیے تیار کریں۔ اے ایم پی سرپرست شاہد کامران نے کہا کہ ان کا ادارہ ہر سطح پر اگنی پتھ اسکیم کی تشہیر کر رہا ہے۔ مساجد کے اماموں کے ذریعہ بھی پیغام دینے کی تیاری ہو رہی ہے۔ جمعہ کی نماز میں اس کے لیے خصوصی اپیل کی جائے گی۔

غور طلب ہے کہ ’اگنی ویر‘ بننے کے لیے رجسٹریشن کا عمل 24 جون سے شروع ہوگا۔ 25 جولائی سے آن لائن امتحان لیا جائے گا۔ درخواست کے لیے عمر کی حد 17 سال 6 ماہ سے 23 سال ہے۔ مزید جانکاری www.mod.gov.in سے حاصل کی جا سکتی ہے۔