’دی کشمیر فائلس‘ باکس آفس پر ابھی تک اپنا دبدبہ قائم رکھے ہوئے ہے۔ اس دوران آئی دیگر بڑی فلموں کو بھی اس فلم کا سامنا کر کے نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ بالی ووڈ کے ’کھلاڑی‘ اکشے کمار نے بھی اس بات کا اعتراف کیا ہے اور ’دی کشمیر فائلس‘ کی جہاں ایک طرف تعریف کی ہے وہیں دوسری طرف مذاق میں ہی صحیح درد دل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اس فلم نے میری فلم کو بھی ڈبو دیا ہے۔‘‘

دراصل ایک پروگرام کے دوران اکشے کمار نے ’دی کشمیر فائلس‘ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’فلم نے ایک کڑوے سچ کو سامنے لایا ہے، وویک جی نے کشمیر فائلس بنا کر ہمارے ملک کے ایک بہت بڑے دردناک سچ کو سامنے رکھا ہے۔ یہ فلم ایک ایسی لہر بن کر آئی ہے، جس نے ہم سبھی کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔‘‘ اس کے بعد اکشے نے مسکراتے ہوئے اس فلم سے ’بچن پانڈے‘ کو ہوئے نقصٓان کی بات کی اور کہا ’’ہاں یہ الگ بات ہے کہ میری فلم کو بھی ڈبو دیا۔‘‘

دوسری طرف وویک اگنیہوتری نے ’دی کشمیر فائلس‘ کی تعریف کرنے پر اکشے کمار کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ٹوئٹر پر انہوں نے لکھا ’’شکریہ… اکشے کمار، دی کشمیر فائلس کے لیے آپ کی تعریف کے لیے۔‘‘ غور طلب ہے کہ ’بچن پانڈے‘ سے اکشے اور ان کی ٹیم کو کافی امیدیں تھیں، لوگوں کو ٹریلر بھی کافی پسند آیا تھا لیکن ’دی کشمیر فائلس‘ کے طوفان میں یہ ِفلم بُری طرح دب گئی۔