بالی ووڈ فلمساز اور ہدایت کار مہیش بھٹ نے اپنی بیٹی عالیہ بھٹ کی کم مدت میں ہی کامیابی حاصل کرنے پر ان کی ستائش کی ہے۔ انہوں نے عالیہ کے بچپن کے وقت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ چھوٹی تھی تو 500 روپے کے لئے ڈیڈی کے پیروں میں کریم لگاتی تھی۔ اب حالات ایسے ہیں کہ گزشتہ دو سال میں اس نے اتنا پیسہ کما لیا ہے جتنا میں نے پروڈیوسر کے طور پر 50 سال میں کمایا تھا۔
یہ باتیں مہیش بھٹ نے ’ایلے‘ میگزین کو دیے ایک انٹرویو میں بتائیں۔ انھوں نے اپنی بیٹی عالیہ پر فخرکا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’عالیہ کو ہماری ضرورت نہیں ہے۔ اس میں خود کو آگے بڑھانے کی قابلیت موجود ہے۔‘‘ مہیش اپنے پرانے دور کو یاد کرتے ہوئے کہتے ہیں ’’حالانکہ میں ایک فلم پروڈیوسر تھا، لیکن ہمیشہ فلم انڈسٹری کے کنارے پر رہتا تھا۔ ہمارا گھر فلمی پارٹیوں کا اڈہ نہیں تھا۔ میں نے ہمیشہ گھر چلانے کے لہے فلمیں بنائی ہیں اور یہ بات عالیہ ہمیشہ سے جانتی ہے۔ وہ سخت محنت اور لگن کے ساتھ کام کرتی ہے اور سمجھدار بھی ہے۔‘‘
غور طلب ہے کہ مہیش بھٹ اور سونی رازدان کی بیٹی عالیہ بھٹ نے 2012 میں کرن جوہر کی فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ سے اپنے کیریئر کی شروعات کی تھی۔ انہوں نے اس کے بعد کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ ہائی وے، 2 اسٹیٹس، راضی، اڑتا پنجاب جیسی فلموں میں ان کی اداکاری کو کافی پسند کیا گیا۔