سریش رینا کو آئی پی ایل کی کسی ٹیم کے ذریعہ نہیں خریدے جانے سے ان کے شیدائیوں کو زبردست مایوسی ہوئی ہے۔ وہ امید کر رہے تھے کہ کسی بھی طرح ان کے ہیرو کی آئی پی ایل میں انٹری ہو جائے۔ اب ایک تازہ خبر کے مطابق بطور کھلاڑی تو سریش رینا کی آئی پی ایل کھیلنے کی سبھی امیدیں ختم ہوگئی ہیں، لیکن کمنٹیٹر کے طور پر ان کی آئی پی ایل میں انٹری ہو گئی ہے۔ وہ آئی پی ایل 2022 میں اسٹار اسپورٹس کے لیے ہندی میں کمنٹری کرتے نظر آئیں گے۔

ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار کے سنجوگ گپتا نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سریش رینا اس مرتبہ آئی پی ایل نہیں کھیل رہے ہیں اس لیے ہم ان کو کسی نہ کسی شکل میں اس لیگ سے جوڑنا چاہتے تھے۔ وہ آئی پی ایل میں سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز بھی رہ چکے ہیں، انہیں ’مسٹر آئی پی ایل‘ بھی کہا جاتا تھا، ہم نے انہیں ہندی کمنٹری کی ذمہ داری سونپی ہے۔

دوسری طرف سریش رینا کے علاوہ اس مرتبہ ایک اور خاص نام کمنٹری ٹیم سے جڑ رہا ہے۔ وہ نام ہے ہندوستانی ٹیم کے سابق کوچ  روی شاستری کا۔ حالانکہ شاستری کے لیے یہ شعبہ کوئی نیا نہیں ہے۔ ماضی میں وہ کئی برسوں تک انگریزی میں اپنی کمنٹری کے جلوے بکھیر چکے ہیں۔ لیکن اس مرتبہ وہ ہندی میں کمنٹری کرنے والے ہیں۔ اس کے لیے وہ ہندی ٹیچر سے زوم پر کلاس بھی لے رہے ہیں۔