علاء الدین، اس کے جادوئی چراغ اور اڑتے ہوئے قالین سے تو پوری دنیا واقف ہے۔ یہ سب داستانوی باتیں ہیں، لیکن اسے ایک یوٹیوبر نے سچ کر دکھایا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں علاء الدین کی شکل اختیار کیے ایک  شخص قالین کے سہارے اڑتا دکھائی دے رہا ہے۔ علاء الدین جیسی کرتب دکھا رہے اس شخص کا نام کچھ میڈیا رپورٹس میں رائزورڈائی (RhyzOrDie) بتایا جا رہا ہے۔ وہ علاء الدین کی جادوئی دنیا کو حقیقیت میں بدل کر لوگوں کو خوب محظوظ کرتا نظر آ رہا ہے۔

ویڈیو میں دکھائی دے رہا ہے کہ ایک شخص ’جادوئی قالین‘ پر سوار ہو کر دبئی کی سڑکوں پر اڑ رہا ہے۔ حتیٰ کہ وہ سمندر میں پانی کے اوپر بھی اڑتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ ویڈیو کو لوگ خوب پسند کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین نے اس پر منفرد انداز میں اپنا رد عمل بھی ظاہر کیا ہے۔ ایک صارف نے لکھا ہے ’’ایسا لگ رہا ہے جیسے عَلاء الدین عہد قرون وسطیٰ کو چھوڑ کر 21ویں صدی میں ٹائم مشین کے ذریعہ اترا ہو۔‘‘ ایک دیگر صارف نے لکھا ہے ’’سائنس کا چمتکار، علاء الدین اِز بیک۔‘‘

دراصل RhyzOrDie ایک یوٹیوب چینل ہے جس پر یہ ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے۔ اس کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ ایک الیکٹرونک لانگ بورڈ کا استعمال کیا گیا تھا، جس پر یوٹیوبر نے قالین بچھائی اور سڑک پر اڑنے کا منظر شوٹ کیا۔ کچھ ایسی ہی تکنیک کا استعمال سمندر میں بھی کیا گیا۔