سرزمین مبارکپور (اعظم گڑھ، یوپی) کے اندر ایک تاریخی، مثالی تعلیمی ادارہ اور علمی قلعہ موجود ہے جو الجامعتہ الاشرفیہ کے نام سے ملک و بیرون ملک میں مشہور ہے۔ یہ ادارہ اپنی علمی شعاعیں ہر جگہ بکھیڑ رہا ہے۔ الجامعتہ الاشرفیہ کی پرشکوہ عمارتیں کئی ایکڑ زمین پر محیط ہیں۔ انہیں پرشکوہ عمارتوں کے بیچ اللہ تعالیٰ کا ایک مقدس گھر قائم ہے جس کا نام عزیز المساجد ہے۔ اس کی بنیاد 1412ھ مطابق 1991ء میں رکھی گئی اور اب تک اس کا تعمیری و تزئینی کام جاری ہے۔ مسجد کا اندرونی حرم  177×80 اور پورا احاطہ 53145 مربع فٹ پر مشتمل ہے۔

اس نہایت خوبصورت مسجد میں تقریباً 65 گنبد ہیں۔ تین بڑے گنبد مین دروازے پر ہیں جن پر بلند و بالا منقش مناریں بنی ہوئی ہیں۔ مسجد کے اندر کشادہ صحن کی داہنی طرف وضو کے لیے دو چھوٹی چھوٹی حوضیں بنائی گئی ہیں۔ بائیں جانب دلفریب، خوبصورت اور جاذب نظر وضو خانہ بنا ہوا ہے۔ مسجد کی کشادگی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ ایک صف میں تقریباً 130 افراد نماز ادا کرتے ہیں اور پوری مسجد میں سینکڑوں کی تعداد میں بیک وقت باجماعت نماز ادا کی جا سکتی ہے۔

جغرافیائی اعتبار سے عزیز المساجد کی داہنی جانب شمال کی طرف روضۂ حضور حافظ ملت اور بائیں جانب جنوب کی طرف شارح بخاری دارالافتاء اور امام احمد رضا لائبریری واقع ہے۔ یہ مسجد قرآن کی تلاوت اور احادیث و فقہ پڑھنے والے طلبا کی آواز سے گونجتی رہتی ہے جس کے سبب ایک پرکیف ماحول ہمیشہ قائم رہتا ہے۔

(تحریر: منظر حسین، بی اے آنرس، اردو سال آخر، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی)