وطن عزیز کی راجدھانی دہلی میں مدرسہ جامعہ اسلامیہ سنابل کے احاطہ میں واقع مسجد عمر بن خطاب اسلامی طرز تعمیر کا شاہکار و دلکش نمونہ ہے۔ اس مسجد کی بنیاد سن 2007 میں شیخ شریم حفظہ اللہ تعالیٰ کے ہاتھوں رکھی گئی۔ سہ منزلہ یہ مسجد تین سال کی مدت میں تقریباً 7 کروڑ کی لاگت سے تعمیر ہوئی۔ جہاں مسجد کا گراؤنڈ فلور 2284.35 مربع میٹر پر مبنی ہے، وہیں پہلی منزل کا رقبہ 1638 مربع میٹر اور وضو خانے کا رقبہ 3503.29 مربع میٹر ہے۔ مجموعی طور پر مسجد 7425.48 مربع میٹر پر محیط ہے۔

پہلا منزلہ مردوں کے لیے اور دوسرا منزلہ عورتوں کی نماز کے لیے مختص ہے۔ اس مسجد کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ بیک وقت 5500 مرد اور 2000 عورتیں نماز ادا کر سکتے/سکتی ہیں۔ اسی طر ح مسجد میں مرد و خواتین کے لیے الگ الگ وضو خانے اور بیت الخلاء کا بھی نظم ہے۔ مسجد کے گراؤنڈ فلور پر پارکنگ کا انتظام ہے۔

جہاں تک مسجد عمر بن خطاب کی خوبصورتی کا سوال ہے، بلند مینار اور دلکش گنبد دور سے لوگوں کو اپنی طرف راغب کرتا ہے۔ علاوہ ازیں سینکڑوں ستون، اس کی مختلف رنگوں سے مزین اونچی دیواریں اور مسجد کے قلب میں لگا ایک عالیشان جھومر اس کی خوبصورتی میں چار چاند لگاتا ہے۔ مسجد کی خوبصورتی اور وسیع و عریض احاطہ لوگوں کو اپنی طرف مائل کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دور دراز علاقوں سے لوگ اس مسجد میں نماز پڑھنے پہنچتے ہیں اور روحانی سکون کا احساس کرتے ہیں۔