دوشنبہ، تاجکستان: اردو کے عظیم شاعر علامہ اقبال کے یوم پیدائش (9 نومبر) کے موقع پر دوشنبہ میں شعبہ ہندی-اردو، تاجک نیشنل یونیورسٹی کے زیر اہتمام ’علامہ اقبال کی وطنی شاعری‘ کے موضوع پر ایک خصوصی لکچر کا انعقاد 11 نومبر کو کیا گیا۔ یہ خصوصی لیکچر پروفیسر مشتاق صدف نے پیش کیا۔ جلسے کی صدارت پدم شری پروفیسر رجب حبیب اللہ نے فرمائی۔
تاجک نیشنل یونیورسٹی میں آئی سی سی آر چیئر (ہندی-اردو) کے وزیٹنگ پروفیسر ڈاکٹر مشتاق صدف نے اقبال کی وطنی شاعری پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال نے ہندوستان کی وطن پرستی کی عظیم روایت کو خوب پروان چڑھایا اور اپنے خیالات و جذبات کو ایک خوبصورت شعری پیکر عطا کیا۔ انھوں نے اپنی شاعری سے جذبہ حب الوطنی کو بلندی دینے کے لیے وطن سے محبت کا درس دیا۔ ڈاکٹر مشتاق صدف نے مزید کہا کہ ’بانگ درا‘ کی بہت سی نظمیں ہندوستان کی تہذیب و ثقافت کی آئینہ دار ہیں جس کی جڑیں قدیم ہندوستانی تہذیب و تمدن سے پیوستہ نظر آتی ہیں۔
اپنے صدارتی کلمات میں پدم شری پروفیسر رجب حبیب اللہ نے کہا کہ علامہ اقبال غلام ہندوستان میں پیدا ہوئے اور آزادی سے قبل رحلت فرما گئے۔ اس بات کا ہمیشہ ملال رہے گا کہ وہ ہندوستان کی صبح آزادی کو نہیں دیکھ سکے۔ صدر شعبہ ڈاکٹر قربانوف حیدر نے اس موقع پر ابتدائی کلمات سے نوازا، جبکہ تقریب میں اساتذہ محترم ڈاکٹر علی خان، ڈاکٹر یوروا صباحت اور محترمہ شیرین کے ساتھ ساتھ متعدد طلبا و طالبات نے بھی شرکت کی۔