کوئی انسان کسی کو بے رحمی سے پیٹ پیٹ کر مار ڈالے تو عدالت اسے اس جرم کی سزا سناتی ہے۔ لیکن کیا آپ نے کبھی سنا ہے کہ ایک جانور نے کسی انسان کا قتل کر دیا ہو جس پر عدالت نے سزا سنائی ہو! ایسا افریقہ میں ہوا ہے اور عدالت کا فیصلہ سرخیوں میں ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک بھیڑ نے تقریباً 45 سالہ خاتون کو بے رحمی سے مار ڈالا تھا۔ بھیڑ کے حملے سے خاتون زمین پر گر گئی، اور پھر وہ بھیڑ اس پر اپنے سینگوں سے لگاتار حملہ کرتا رہا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ جب تک خاتون کو اسپتال لے جایا گیا، وہ زخموں کی تاب نہ لا کر موت کی نیند سو گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ خاتون کا نام ادھیو چیپنگ تھا اور بھیڑ اس پر تب تک سینگوں سے حملہ کرتا رہا جب تک اس کی پسلیاں نہیں ٹوٹ گئیں۔ بری طرح زخمی خاتون بیہوش ہو گئی تو بھیڑ وہاں سے چلا گیا۔ جب لوگوں نے خاتون کو زخمی اور بیہوش دیکھا تو اسے اسپتال لے گئے، لیکن ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

معاملہ جنوبی سوڈان کا ہے۔ بھیڑ کے جرم کی سزا اس کے مالک کو تو ملی ہی ہے، ساتھ ہی بھیڑ کو بھی دی گئی ہے۔ مقامی عدالت نے مالک کو پانچ گائیں خرید کر خاتون کے کنبہ کو دینے کہا ہے۔ بھیڑ کو تین سال کے لیے کیمپ (جیل) میں رہنا ہوگا، اور سزا مکمل ہونے کے بعد اسے بھی خاتون کے گھر والوں کے پاس جانا ہوگا۔